لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاناما کیس کا خطرہ ٹل گیا ، اب ن لیگ کو اورنج لائن ٹرین کے فیصلہ کا شدت سے انتظار ہے ، اورنج لائن کیس کی سماعت کرنے والے بینچ میں پاناما کیس کا اکثریتی رائے کا فیصلہ سنانے والے تینوں ججز بھی شامل ہیں ۔ فیصلہ آئندہ 10 سے 15 روز میں سنائے جانے کا امکان ہے ۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ حکمران جماعت مسلم لیگ ن کو پاناما کیس میں کلین چٹ تو نہیں ملی البتہ خطرہ ضرور ٹل گیا ہے ۔ ایک اور بڑا فیصلہ جو
سپریم کورٹ کے 5 ججز نے محفوظ کر رکھا ہے وہ اورنج لائن ٹرین کا کیس ہے ۔ اورنج لائن ٹرین کا منصوبہ اس وقت چودہ مقامات پر رکا ہوا ہے اور کام بالکل ٹھپ ہے کیونکہ لاہور ہائیکورٹ نے تاریخی عمارتوں کے 200 فٹ حدود میں اورنج لائن ٹرین منصوبے کی تعمیر کو روک دیا جس کے خلاف حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی ۔ حکومتی اپیل پر سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے دلائل مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا ۔