کراچی /لاہور (آئی این پی )ملک بھر میں 19 سال بعد بدھ سے خانہ و مردم شماری کا آغاز ہوگا جس کے لیے مکمل تیاریاں کرلی گئی ہیں۔ ملک کے مختلف شہروں میں شمار کنندگان کو متعلقہ سامان فراہم کر دیا گیا جب کہ فوج کے اہلکار بھی ڈیوٹیوں پر پہنچ گئے ہیں۔ مردم شماری کے لیے
کراچی کو14 ہزار 552 بلاکس میں تقسیم اورسیکیورٹی انتظامات کوحتمی شکل دے دی گئی فوج اور رینجرز کے علاوہ 16 ہزار پولیس افسراناور اہلکار سیکورٹی فرائض سرانجام دیں گے۔ شہرقائد کو اس مقصد کے لیے 365 چارجز، 2412 سرکلز اور 14 ہزار552 بلاکس میں تقسیم کیا گیا ۔ ایک شمارکنندہ 2 بلاکس کا ذمہ دار ہوگا، ایک بلاک کی خانہ شماری 15 سے17 مارچ تک جاری رہے گی اور پھر 18 سے27 مارچ تک اسی بلاک کی مردم شماری ہوگی جب کہ 28 مارچ کا دن بے گھر افراد کی شماری کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ خانہ اورمردم شماری کیلئے 16 ہزار افسران و اہلکار فرائض انجام دیں گے جن میں سے 10 ہزار 500 اہلکار کراچی جبکہ ساڑے 5 ہزار اہلکار اندرون سندھ سے بلائے گئے ہیں۔ لاہور میں بھی مردم شماری کے لیے مختص سامان عملے کو فراہم کر دیا گیا ۔