بیجنگ (آئی این پی)چین نے کہا ہے کہ وہ افغانستان میں افغان حکومت اور شدت پسند گروہوں کے درمیان تجدید تعلقات اور استحکام کی حمایت کرتا ہے‘ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن کیلئے جاری کوششوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گا‘چین افغانستان میں قیام امن کیلئے تمام فریقین سے رابطے میں ہے او رمثبت کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے ۔ ہفتہ کو چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کینگ شوانگ نے گزشتہ روز معمول کی پریس بریفنگ میں5 سینئر افغان طالبان کو چین میں بلائے جانے
اور چین اور افغان طالبان کے درمیان بات چیت کے سلسلے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ میں اس سلسلے کے بارے میں کچھ نہیں جانتا لیکن چین افغان حکومت اور افغان طالبان گروپس کے درمیان امن کیلئے ہونے والی کوششوں کو سراہتا ہے اور انہیں بات چیت کرنی بھی چاہیے۔ انہو ں نے کہا کہ یہ افغانستان میں امن اور استحکام کیلئے بہت ضروری ہے۔ چین افغانستان میں قیام امن کیلئے تمام فریقین کے ساتھ رابطے میں ہے اور اس معاملے میں مثبت کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے ۔