اسلام آباد(آئی این پی )چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے افغان سفیر کی ملاقات، پاک افغان سرحد کی بندش سے پیدا ہونے والی صورتحال پرتبادلہ خیال،ملاقات میں پاک افغان مذاکرات کی بحالی کی اہمیت و افادیت پر مکمل اتفاق کیاگیا ۔ہفتہ کو افغان سفیرڈاکٹر عمر ذخیل وال نے یہاں بنی گالہ میں چیئرمین تحریک انصاف کی رہائشگاہ پر ان سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پاک افغان تعلقات پر مفصل تبادلہ خیال کیا گیا۔
گھنٹہ بھر جاری رہنے والی ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔دونوں اطراف سے پاک افغان مذاکرات کی بحالی کی اہمیت و افادیت پر مکمل اتفاق کیا گیا۔تنازعات کے حل کیلئے دونوں حکومتوں کے درمیان گفت و شنید بروئے کار لانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔افغان سفیر نے پاک افغان سرحد کی بندش سے پیدا ہونے والی صورتحال پر آگاہ کیا۔عمران خان نے دوران بات چیت کہا کہ پاک افغان سرحد کی بندش سے پاکستان میں پھنسے افغانوں کی واپسی کیلئے اقدامات ضروری ہیں۔سرحد کی دونوں طرف کھڑے ٹرکوں اور قیمتی سامان تجارت کی آمد و رفت کے حوالے سے فوری حکمت عملی بھی ناگزیر ہے