اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کا اولین اصول عوام کی خدمت اور بااختیار بنانا ہے ٗامن و امان کی ورتحال میں بہتری کے علاوہ مواصلاتی روابط میں اضافہ ہوا ہے ٗ بجلی کے شعبہ میں بھاری سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔وہ رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ سے پیر کو ایوان وزیراعظم میں گفتگو کررہے تھے ملاقات میں
غلام بی بی بھروانہ نے کہا کہ ملک میں سیکورٹی کی مجموعی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے جس سے وزیراعظم کی قیادت میں اقتصادی استحکام کی راہ ہموار ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے طول و عرض میں رابطے کے منصوبہ جات اور بجلی کے شعبہ میں خطیر سرمایہ کاری سے ملک کی معاشی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے وزیراعظم کو اپنے حلقہ کی مختلف فلاحی سکیموں سے متعلق امور سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کا اولین اصول عوام کی خدمت اور انہیں بااختیار بنانا ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ارکان پارلیمان اپنے اپنے حلقوں کے عوام کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں تاکہ ان کی قیمتی آراء اور تجویز حاصل کرسکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے علاوہ مواصلاتی روابط میں اضافہ ہوا ہے جبکہ بجلی کے شعبہ میں بھاری سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ صحت اور تعلیم کے اہم شعبوں کو مناسب توجہ دی جارہی ہے۔