اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) جنید جمشید کے قریبی دوست سہیل خان نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعید انور کی جماعت تبلیغ کیلئے کراچی گئی ہوئی تھی۔میں نے اور جنید جمشید نے چترال جانے کا پروگرام بنایا ہوا تھا اور ہم ایک ہی فلائیٹ میں چترال بھی گئے۔میں چترال میں 8 دن رہا اور وہ 10 دن رہے ،
میں نے بھی دس دن ہی رہنا تھا لیکن مجھے مصروفیت آن پڑی۔ جنید جمشید نے جو 10 دن چترال میں گزارے وہ اس میں یکسر مختلف نظر آئے۔ان سے ان 10 دنوں میں جو بھی تقاضا کیا جا رہا تھا وہ انہوں نے پورا کیا چاہے انہیں رات کے 12بجے کہیں بلایا جاتا تو وہ کہتے تھے کہ میں وہاں ضرور جاؤں گا جب کہ میں کہتا تھا کہ اتنی ٹھٹرتی ہوئی پہاڑوں کی سردی میں ، میں نہیں جا سکتا۔ سہیل خان نے کہا کہ جنید جمشید کو کچھ الہامی طور پر ایسا تھا کہ وہ چاتے تھے کہ تھوڑے سے وقت میں زیادہ سے زیادہ چیزیں سمیٹ لیں۔ اس بار وہ پہاڑوں کے پر پیچ و خطر راستوں سمیت کسی بھی چیز سے نہیں گھبرا رہے تھے۔