اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سرجیکل سٹرائیکس بارے بھارت کا جھوٹ ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا۔ بھارت نے دنیا کو بے وقوف بنانے کیلئے خود ساختہ سرجیکل سٹرائیک وڈیو جاری کر دی۔ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر اسمبلی کے آزاد رکن انجینئر عبدالرشید کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے پاکستان میں 5 مقامات پر سرجیکل اسٹرائیکس کا دعویٰ کیا ہے تاہم میں ان تمام 5 مقامات کے بارے میں وہ نہیں جاتے لیکن ان میں سے 2 سیکٹر ان کے حلقے میں آتے ہیں، جن میں لیپا اور لوگام کے علاقے شامل ہیں۔گریٹر کشمیر کی ایک ویڈیو رپورٹ کے مطابق انھوں نے بتایا کہ ‘میں نے لیپا میں سرحد کے قریب اپنے ذرائع اور دیگر لوگوں سے معلوم کیا ہے جن کا کہنا تھا کہ اس سیکٹر میں دونوں جانب سے گذشتہ 20 روز میں ایک بھی گولی نہیں چلی ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ سرجیکل اسٹرائیکس کے ہندوستانی فورسز کے دعوؤں کے بعد بھارت کے تمام سیاست دانوں، جن میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما شامل تھے، نے وزیراعظم نریندر مودی کی حمایت کا اعلان کیا تاہم اس کے دو روز بعد ہی کیجروال سمیت دیگر نے ان اسٹرائیکس کی ویڈیو جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔انجینئر عبدالرشید نے پاکستانی حکومت کی جانب سے عالمی اور مقامی میڈیا کے نمائندوں کو مذکورہ علاقوں میں لے جانے پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہندوستان اپنے دعوؤں میں سچا ہے تو وہ بھی میڈیا کو ان علاقوں کا دورہ کرائے گا۔انھوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے ذرائع کے مطابق گذشتہ 3 روز سے ہندوستانی فورسز لیپا سیکٹر میں جعلی ویڈیو بنارہی ہے، انھوں نے مزید کہا کہ جس سیکٹر میں ہندوستانی فورسز جعلی ویڈیو بنارہی ہے وہ علاقہ 1971 سے قبل پاکستان کا حصہ تھا۔انجیئنر عبدالرشید نے کہا کہ ہندوستان کے اس اقدام کا مقصد بین الاقوامی طور پر یہ تاثر دینا ہے کہ ان کے سرجیکل اسٹرائیکس کا دعویٰ سچا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں میڈیا کے ذریعے پوری دنیا کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ اگر ہندوستانی فوج کی جانب سے کوئی فوٹیج سامنے آئی تو وہ لیپا سیکٹر کی ہوگی اور وہ جعلی ہے، اس حوالے سے ہم بین الاقوانی اداروں کو ثبوت فراہم کریں گے اور وہ ان علاقوں میں خود بھی آکر دیکھ سکتے ہیں، مقامی افراد سے معلوم کرسکتے ہیں کہ اس سیکٹر میں گذشتہ 3 روز سے ہندوستانی فورسز کی جنگی مشقیں جاری ہے۔ادھر بھارتی اخبار ‘انڈین ایکسپریس’ نے اپنی ایک رپورٹ میں ہندوستانی فورسز کے پاکستان کے سرحدی علاقوں میں کی جانے والی سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوؤں کو سچ ثابت کرنے کیلئے ان حملوں کا نقشہ پیش کردیا۔