اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بھار ت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کے بعد حالات مزید خراب سے خراب تر ہوتے جا رہے ہیں ۔ہر آنے والا نیا منٹ کشیدگی کے حوالے سے کچھ نہ کچھ نئی خبر ضرور لا رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیکس کے بعد بھارت نے اب مزید منصوبہ بندی کرنا شروع کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارت نے پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیکس کرنے کے بعد مزید منصوبہ بندی بھی شروع کر دی ہے۔ بھارتی رپورٹ کے مطابق بھارت پاکستان کے ساتھ تجارت ختم کرنے پر غور کر رہا ہے۔جبکہ پاکستان کی متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت کو بھی محدود کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔ جس سے بھارت ہی کو فائدہ ہو گا۔ یہ تمام تر اقدامات بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کی رضامندی سے کیے جائیں گے لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قسم کے اقدامات کے بعد دونوں ممالک کے مابین کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گا۔ 2014ء میں پاک بھارت کے مابین سرکاری سطح پر تجارت 2.6 بلین ڈالرز تھی جبکہ غیر سرکاری تجارت 5 بلین ڈالرز ریکارڈ کی گئی۔اس تجارت میں جیولری، ٹیکسٹائل اور مشینری وغیرہ شامل ہیں۔ بھارتی حکام نے اس قسم کی تمام تر تجارت اور دبئی سمیت متحدہ عرب امارات کے ذریعے کی جانے والی تجارت کا بھی کریک ڈاؤن کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ بھارتی رپورٹ کے مطابق یہ تمام تر اقدامات پاکستان پر دباؤ کو مزید بڑھانے میں مدد دیں گے۔