اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کنٹرول لائن اور مقبوضہ کشمیر میں بگڑتے حالات پر وفاقی کابینہ کا اجلاس اب سے کچھ دیر میں ہوگاجبکہ کابینہ کی سلامتی کونسل چار اکتوبر کو صورتحال پر غور کرے گی۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ جنگی جنون کو ہوا دےکر خطےکاامن داؤپرنہ لگایاجائے، شیطانی منصوبوں کامنہ توڑجواب دیں گے۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے کنٹرول لائن پر بھارتی سیکورٹی فورسز کی بلااشتعال جارحیت اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں اہم فیصلے کئے ہیں جن کے تحت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج اور قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آئندہ منگل کو طلب کر لیا گیا ہے جبکہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ کو ہو گا۔مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے ایل او سی کی صورتحال پر وزیراعظم کو بریفنگ دی اور جامع رپورٹ بھی جمع کرا دی ہے‘ وزیراعظم نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔قبل ازیں پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور وزیراعظم نواز شریف کے درمیان بھی بات چیت ہوئی ہے۔آرمی چیف نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے فوج کی تیاریاں مکمل ہیں جبکہ میاں نواز شریف کاکہناتھاکہ پوری قوم فوج کے ساتھ ہے ۔