اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ براہمداغ بگٹی کے پاس ابراہیم نام کا افغان پاسپورٹ ہے جس پر بھارت کا ویزا لگا ہوا ہےاور اب انڈیا بلوچ رہنماء کو سیاسی پناہ دینے کو تیار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں کیا۔ وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’کیا آپ ہمارے بہترین ہمسائے ہیں؟‘‘۔براہمداغ بگٹی کی بھارت میں سیاسی پناہ کے حوالے سے وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ’’اُس کے افغان پاسپورٹ موجود ہے جس پر ابراہیم نام درج ہے اور بھارت نے اس پاسپورٹ پر اپنے ملک کا ویزا جاری کیا‘‘۔خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ ’’براہمداغ بگٹی اب بھارت میں سیاسی پناہ لینے کی کوشش کررہا ہے اور بھارت اُس پر بظاہر راضی نظر آتا ہے، انہوں نے بھارت سے سوال کیا کہ ’’کیا یہ اچھے پڑوسی کی نشانی ہے کہ وہ دوسرے کو مطلب شخص کو اپنے ملک میں سیاسی پناہ فراہم کرے‘‘۔