اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں حالات یکدم تبدیل ہوگئے ہیں ، کچھ ہی دیر پہلے ایم کیو ایم کے رہنما اور سندھ میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہارالحسن کے گھر پر اچانک چھاپا مارا گیا تھا، پھر ڈرامائی انداز میں ایس پی ملیر ، راؤ انوار نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ خواجہ اظہار الحسن کو ان کے گھر سے گرفتار کر لیا اور اب تازہ ترین خبر یہ ہے کہ وزیراعلیٰ ترجمان کے مطابق ایس پی ملیر راؤ انوار کو ان کے عہدے سے معطل کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایس پی ملیر کے خلاف یہ ایکشن خواجہ اظہارالحسن کو حراست میں لینے پر اٹھایاگیا ہے، مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے اس صورتحال پر کہا ہے کہ تفصیلات آنے پر ہی وہ کچھ بتا سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد خواجہ اظہار کو رہا کردیا جائے گا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس افسر کو معطل کرنا قانونی کاروائی ہے۔