اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ نے سابق ایم ڈی پی ٹی ڈی سی میر شاہ جہان کھیتران کی ضمانت سے متعلق کیس میں نیب سے تین ملزمان کی معافی کا ریکارڈ اورچار شریک ملزمان کو گرفتار نہ کرنے کی اصل سمریاں طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 3اگست تک ملتوی کردی ، عدالتی حکم کے باوجود چار ماہ میں ٹرائل مکمل نہ ہونے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیئے کہ نیب اگر کارکردگی نہیں دکھا سکتا تو اس کو بند کر دیں ،چھ چھ ماہ تک گرفتارملزمان کے خلاف ریفرنس دائر نہیں کیا جاتا۔کیس کی سماعت جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ مقدمہ کی کارروائی شروع ہوئی تو اسپیشل پراسکیوٹر نیب نے عدالت کو بتایا کہ 84 گواہوں میں سے دس کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے، وکیل اعتزاز احسن نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ کیس میں تین ملزمان کو نیب نے مکمل معافی دے دی ہے جبکہ چار شریک ملزمان کو گرفتار بھی نہیں کیا گیا۔