لاہور( این این آئی)ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان تعلیم کو فروغ اور اپنے وسائل سے استفادہ کر کے انتہائی برک رفتاری سے ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل ہو سکتا ہے ،اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ایٹمی طاقت بننے سے پاکستان کا دفاع نا قابل تسخیر ہو گیا اب اسے معاشی طور پر بھی اسی طرز کے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ ایک انٹر ویو میں ڈاکٹر عبد القدیر خان نے کہا کہ پاکستانی بڑی با صلاحیت قوم ہے اسے صرف مواقع ملنے کی دیر ہے ۔اگر ہم نے خود کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنا ہے تو ہمیں تعلیم کو فروغ دینا ہوگا اس کیلئے اس شعبے میں ایمر جنسی کا نفاذ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے لیکن بد قسمتی سے کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود ہم ان سے استفاد ہ نہیں کر سکے اور دنیا بھر میں کشکول اٹھائے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے ۔مخیر حضرات اس میں اپنا بڑا کردار ادا کر رہے ہیں لیکن انہیں چاہیے کہ اس میں اپنے حصے کو مزید بڑھائیں تاکہ ہم اپنی قوم کو مضبوط بنیاد فراہم کر سکیں ۔