حویلی (مانیٹرنگ ڈیسک )آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے کارکنوں میں تصادم سے تین افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے۔ ن لیگ کی اپیل پر واقعے کے خلاف آج آزاد کشمیر میں یوم احتجاج منایا جا رہا ہے۔ نواز شریف کے معاون خصوصی آصف کرمانی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی پرتشدد کارروائیوں پر اتر آئی ہے۔آزاد کشمیر کے ضلع حویلی کے علاقے پلنگی میں ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں کارنر میٹنگ جاری تھی کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے کارکنان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس سے موقع پر ایک شخص ہلاک اور 10زخمی ہو گئے تھے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک تھی۔ اتوار کو زخمیوں میں سے مزید 2 افراد دوران علاج دم توڑ گئے جس سے ہلاکتوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔
زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد ڈی ایچ کیو ہسپتال باغ میں دی گئی تھی جہاں سے بعد ازاں انہیں اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔فائرنگ کے بعد علاقے کی صورتحال کشیدہ ہونے پر فوج طلب کرلی گئی ہے۔ مشتعل افراد کی جانب سے مختلف بازاروں میں درجنوں دکانیں جلادی گئیں۔ واقعے کے خلاف (ن) لیگ کی جانب سے آزاد کشمیر میں اتوار کو یوم احتجاج منایا گیا ۔ آزاد کشمیرمیں کاروباری مراکز بند ہیں۔ جس کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہیں۔ فائرنگ کے واقعہ کے دو مقدمات تھانہ کہوٹہ میں درج کرلئے گئے ہیں۔ ایف آئی آر میں پچاس سے زائد افراد کو نامزد کیاگیاہے۔وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی آصف کرمانی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو آزادکشمیر کے انتخابات میں شکست نظر آرہی ہے جس سے وہ پرتشدد کارروائیوں پر اتر آئی ہے۔
پی پی اور ن لیگ کارکنوں میں تصادم ، ہلاکتوں کی تعداد 3، متعدد زخمی
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں