اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن میں اختلافات آج کل عروج پر ہیں ، اس معاملے میں حکمران پارٹی پریشان دکھائی دیتی ہے ،گزشتہ دنوں قومی اور صوبائی اسمبلی پنجاب میں فارورڈ بلاک بنائے گئے ہیں اور کئی ممبران حکمران پارٹی کی مخالفت کر رہے ہیں ۔ نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں’’مخبر بابا‘‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ فارورڈ بلاک بننے کی سب سے بڑی وجہ حکومت کا بلدیاتی اداروں کوترقیاتی فنڈز کا نہ دینا ہے ۔ حکومت کا خیال ہے کہ اگر بلدیاتی اداروں میں کامیاب ہونیوالے چیئر مینوں کو فنڈز دے دیئے جائیں تو میگا پراجیکٹ دھرے کے دھرے رہ جائیں گے اور دوسری طر ف چیئر مین کرپشن کا بازار گرم کریں گے جس کا دھبہ حکومت پر لگے گا ،اسلئے حکومت نے ترقیاتی فنڈز بیوروکریسی کو دینے کا فیصلہ کیا ہے ،جبکہ صوبائی اور قومی اسمبلی کے ممبران اس وجہ سے پریشان دکھائی دیتے ہیں کہ ہم ووٹرز کے پاس کس منہ سے جائیں گے ،کیونکہ ان نمائندوں کی مدد سے ہی بلدیاتی نمائندوں کو کامیابی ملی ہے ، تجزیہ کار نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ 150سے زائد ممبران ن لیگ کے ساتھ اپنی وفاداریاں ختم کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں ۔