لندن (نیوز ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے لندن سے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے ماؤں ، بہنوں، بیٹیوں اور بزرگوں ، نوجوانوں کے خلوص محبت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کی نیک خواہشات کا شکرگزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے خلوص اور محبت سے بھرپور یہ دعائیں قبول ہوں گی اورمیرا لہو اور ایک ایک سانس وطن کی مٹی کا قرض ادا کرتی رہے گی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں کابینہ کے ساتھیوں کی دعاؤں اور نیک خواہشات کا شکرگزار ہوں۔انہوں نے بتایا کہ مجھے صحت کے مسائل کی وجہ سے یہاں آنا پڑ ااور ڈاکٹروں نے میرا آپریشن ضروری قرا ردیا ہے۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر آج 21.6 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ چکے ہیں جس پر انہوں نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو مالیاتی معاشی امور سے سے متعلق انتھک محنت پر مبارک باد پیش کی ،انہوں نے کہا کہ افراط زر تین فیصد کم ہو گیااور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔تین سال بعد محنت کا ثمر حاصل کر رہے ہیں۔کسانوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کیلئے یوریا کی قیمتیں قابل ذکر حد تک کم کی جائیں اور انہوں نے اپنے خطاب میں یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ کھاد کی قیمتیں کم کرنے کیلئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے بات کریں گے۔