راولپنڈی/اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی جس دوران ملک کی سلامتی کی صورتحال ، بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے ، دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ آرمی چیف نے وزیراعظم کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ۔ذرائع کے مطابق ہفتہ کو یہاں جی ایچ کیو میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی جس دوران ملک کی سلامتی کی صورتحال ، بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے ، دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات تقریباً دوگھنٹے تک جاری رہی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب لاہور سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے تھے جبکہ وزیرداخلہ بھی وہاں پر موجود تھے جہاں سے دونوں ہیلی کاپٹر کے ذریعے جی ایچ کیو پہنچے جہاں پر انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابیاں اور بلوچستان میں حالیہ امریکی ڈرون حملے سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران آرمی چیف نے وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیراعظم کی صحت بارے دریافت کیا جس پر انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے وزیراعظم کو ہارٹ سرجری کا مشورہ دیا ہے اور منگل کو ان کی سرجری ہو گی جس پر آرمی چیف نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستانی حدود میں امریکی ڈرون حملوں خصوصاً بلوچستان میں ہونے والے حالیہ امریکی ڈرون حملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور اسے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے دونوں رہنماؤں کو امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل سے حالیہ دنوں میں اپنی ہونے والی ملاقات کے بارے میں آگاہ کیا اور انہیں اس سلسلے میں اعتماد میں لیا ۔ ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف جب لندن سے صحت یاب ہو کر آئیں گے تو اس دوران کابینہ کی دفاعی کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔