لندن (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) برطانیہ نے دھرنوں کی سیاست کے خلاف تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان کی رہائش گاہ کے باہر (آج) اتوار کودن 1بجے احتجاجی مظاہرہ کرے گی، اس سلسلے میں تمام ترتیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، یہ مظاہرہ اس لئے بھی کیا جا رہا ہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے کارکنوں نے وزیراعظم کے صاحبزادے حسن نواز کی رہائش گاہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔ اس ضمن میں مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے سینئر نائب صدر ناصر بٹ نے بتایا کہ تحریک انصاف نے سیاست میں غلط روایات قائم کر رکھی ہیں اور انہیں چاہیے تھا کہ اگر انہوں نے وزیراعظم کے خلاف مظاہر کرنا تھا تو وہ پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر کرتے، لیکن وزیراعظم کے بیٹے حسن نواز کی ذاتی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کر کے ایک غلط روایت قائم کی ہے، اسی لئے مسلم لیگ (ن) برطانیہ (آج) اتوار کو جمائما خان اور عمران خان کے بچوں کے گھر کے باہر دوپہر 1:00بجے مظاہرہ کرے گی اور وہاں عمران خان سے یہ مطالبہ بھی کیا جائے گا کہ وہ اس بات کا اعلان کریں گے جمائما خان سے علیحدگی کے بعد ان کے گھر آنا جانا غیر اسلامی ہے یا نہیں کیونکہ عمران خان جمائما کے گھر آ کر رہائش اختیار کرتے ہیں اور لندن میں میئر کے الیکشن میں جمائما کے بھائی کیلئے انتخابی مہم چلا کر عمران خان نے یہودی لابی کو خوش کرنے کی کوشش کی تاہم مسلمانوں نے صادق خان کو کامیاب بنا کر عمران خان کی سازش کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کی آڑ میں تحریک انصاف یہودی لابی کی پاکستان مخالف سر گرمیوں کو کامیاب بنانا چاہتی ہے جسے محب وطن پاکستانی ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کے مظاہرے کیلئے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور عہدیداروں کو آگاہ اس بارے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے اور پاک چین کوریڈور کو ناکام بنانے کی سازش کرنے والوں کے خلاف اتوار کو دوپہر ایک بجے عمران خان جمائما خان کی رہائش گاہ کے باہر دھرنوں کی سیاست کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہو گا، تمام محب وطن پاکستانی مظاہرے میں شریک ہو کر جمہوریت دشمنوں کو شرمندہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے پر پوری قوم وزیراعظم نواز شریف کی مشکور ہے۔