سیالکوٹ(این این آئی)وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کو چاہ بہار منصوبے پر کوئی اعتراض نہیں ٗایران کو پاکستان کے خلاف ہندوستانی عزائم کو ضرور ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے ٗامریکہ نے خود افغان عمل کو نقصان پہنچایا ٗڈرون حملے کے باوجود پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے ٗنواز شریف 8 سے 10 دن میں مکمل صحت یاب ہوکر وطن واپس آجائیں گے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ایران پاکستان کا برادر ملک ہے، اس لیے اسلام آباد کو چاہ بہار میں بننے والی بندر گاہ کے منصوبے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔نئی دہلی کے پاکستان کے خلاف عزائم کی نشاندہی کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ایران کو پاکستان کے خلاف ہندوستانی عزائم کو ضرور ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے۔بلوچستان میں افغان طالبان کے امیر ملا اختر منصور پر کیے گئے ڈرون حملے کے حوالے سے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ امریکا نے خود افغان امن عمل کو نقصان پہنچایا ہے۔افغانستان میں قیام امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہاکہ ڈرون حملے کے باوجود پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔ڈرون حملے کے بعد پاکستان کا واضح موقف سامنے نہ آنے پر تنقید کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ ڈرون حملہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ناکامی نہیں ہے۔لندن میں وزیراعظم نواز شریف کی سرجری کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہاکہ وزیراعظم کی لندن کے ہسپتال میں منگل کو سرجری ہے۔وزیر اعظم نواز شریف علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ڈاکٹروں نے ان کی اوپن ہارٹ سرجری تجویز کی ہے۔وزیر اعظم کی وطن آمد کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ نواز شریف 8 سے 10 دن میں مکمل صحت یاب ہوکر وطن واپس آجائیں گے۔ایک سوال پر وزیر دفاع نے کہاکہ نائن الیون کے بعد پوری دنیا میں امریکا کی مداخلت 20 گنا بڑھ گئی ہے اور اس کے بعد افغانستان آج تک غیر محفوظ ہے ایک سوال پر انہوں نے سوال اٹھایا کہ ملامنصور نے ایران سے 400 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرکے پاکستان میں ہی کیوں مرنا تھا۔وزیردفاع نے کہا کہ ایف 16 طیاروں کے معاملے پرامریکا کی کانگریس ہی مخالفت کررہی ہے، اگر طیارے حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوئے تو کوئی اور حل نکالیں گے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ گوادر منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے بہت سی قوتیں کام کررہی ہیں لیکن پاک فوج نے 2 سال میں بے لوث قربانیوں کے بعد پاکستان کو محفوظ بنا دیا ہے اور تمام سازشوں کے باوجود گوادر منصوبہ ضرورکامیاب ہوگا۔