اسلام آباد(این این آئی)ممتاز ایٹمی سائنسدان اور تحریک تحفظ پاکستان پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ صرف وہ ہی پاکستان کو بحران سے نکال سکتے ہیں۔یوم تکبیر کی مناسبت سے اسلام آباد میں نظریہ پاکستان کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے انکشاف کیا کہ پاکستان 1984 میں ہی ایٹمی دھماکے کرنے کے قابل ہوگیا تھا تاہم سابق فوجی آمر جنرل ضیاء الحق نے منع کیا کہ اگر اس وقت دھماکے کیے گئے تو عالمی برادری کی جانب سے افغان جنگ کی امداد ملنا بند ہو جائے گی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان 5 منٹ کے اندر کہوٹہ سے دہلی کو نشانہ بنانے کے قابل ہے۔ڈاکٹر عبدالقدیر نے کہاکہ ان کی خدمات کے بغیر پاکستان دنیا کی پہلی ایٹمی قوت نہیں بن سکتا تھا، ان کا کہنا تھا، ‘ہم نے بہت مشکل صورتحال میں جوہری صلاحیت حاصل کی۔سابق فوجی آمر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دورِ حکومت میں اپنے ساتھ روا رکھے گئے سلوک کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہاکہ ملک میں ایٹمی سائنسدانوں کو وہ عزت نہیں دی گئی جس کے وہ مستحق تھے انہوں نے کہاکہ ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والے اپنی خدمات کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ سیاستدان ملک کو لوٹ رہے ہیں جبکہ پاناما لیکس کے ذریعے سب کچھ عوام کے پاس آگیا ہے، ہمارے بینک اکاؤنٹس میں بمشکل چند لاکھ روپے نکلیں گے ٗ سیاستدانوں کے اکاؤنٹس میں اربوں روپے ہوں گے۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اعتزاز احسن وزیراعظم نواز شریف سے سوال کرتے ہیں کہ پیسہ کہاں سے آیا ہے انہیں زرداری صاحب سے بھی سوئس بینک اکاؤنٹس میں موجود رقم کے حوالے سے سوال کرنا چاہیے۔