اسلام آباد (آئی این پی)وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کو سخت سزائیں دلوانے کے لئے فوجداری نظام عدل میں بہتر لانے کی منظوری دیدی، فوجداری نظام عدل میں تبدیلی کا فیصلہ کمزور استغاثہ کے باعث جرائم پیشہ افراد اور غیر ریاستی کو سزاؤں کی شرح میں کمی کے باعث کیا گیا ہے ،چوہدری نثار نے ان سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے فوری طور پر فیڈرل کور گروپ کے قیام کی منظوری بھی دی۔جمعرات کو سیکرٹری داخلہ کی طرف سے فوجداری نظام عدل میں بہتری لانے کی سفارشات وزیر داخلہ چوہدر ی نثار کو پیش کی گئیں ۔ چوہدری نثار نے ان سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے فوری طور پر فیڈرل کور گروپ کے قیام کی منظوری بھی دی یہ وفاقی اور صوبائی متعلقہ اداروں، سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور نظام عدل پر کام کرنے والے عالمی اداروں کے نمائندوں پر مشتمل ہو گا، فیڈرل کور گروپ میں صوبائی حکومتوں کی خصوصی کمیٹیاں بھی ہونگی جو اپنی سفارشات کور گروپ کو جمع کرائیں گی، وزیر داخلہ نے فوجداری نظام عدل میں بہتری لانے کے لئے ماضی میں کی گئی مشاورت کو بھی زیر غور لانے کا کہا ہے ، وزیر داخلہ نے کہا کہ فوجداری نظام عدل میں کمزوریوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دہشتگردوں اور غیر ریاستی عناصر کو سخت سزائیں دی جا سکیں اور یہ عناصر کسی صورت کمزور استغاثہ کے باعث رعایت حاصل نہ کر سکیں ۔ وزیر داخلہ نے نیکٹا کو نیشنل ایکشن پلان کے تحت فوجداری نظام عدل میں بہتری کے لئے تعاون کی ہدایت کی ۔