واشنگٹن(نیوز ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ جوہری مواد کبھی بھی غلط ہاتھوں میں نہیں جانا چاہیے ، پاکستان ذمہ دار ملک ہے ، پاکستان کے جوہری نظام مکمل مضبوط ہاتھوں میں ہے ، واشنگٹن میں امریکی صدر اوباما کی جانب سے جوہری کانفرنس میں شریک عمائدین کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے کے دوران اپنے خطاب میں طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کے دو روزہ عالمی جوہری کانفرنس میں شرکت کرنا چاہتے تھے تاہم حالات نے موقع نہیں دیا ۔ انہوں نے سانحہ لاہور پر امریکی صدر کا اظہار یکجہتی کرنے کا شکریہ ادا کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے پاکستان بھی اس عالمی تشویش میں برابر کا شریک ہے جوہری مواد کبھی بھی غلط ہاتھوں میں نہیں جانا چاہیے پاکستان نے چھ سال میں جوہری سلامتی سے متعلق این ایس ایس پروگرام میں بھرپور کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ تابکاری پھیلانے والے آلات کے ممکنہ خطرات سے آگاہی بھی اہم ہے یہ خطرات جوہری پروگرام رکھنے والے ممالک تک محدود نہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام ہمسائیہ ممالک کے ساتھ پرامن طور پر رہنے کو ترجیح دیتی ہے پاکستان نے جوہری مواد کی حفاظت کے2005 ترمیمی کنونشن کی توثیق کردی ۔