کوئٹہ(نیوز ڈیسک)بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ایف سی اہلکاروں کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا گیا، جس میں ایف سی سے جھڑپ میں 4دہشت گرد بھی مارے گئے اور بھاری مقدار میں بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق حساس اداروں کی اطلاع پر ایف سی اہلکار میاں غنڈی میں ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن کر رہے تھے کہ اس دوران علاقے میں چھپے دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 2اہم کمانڈر سمیت 4دہشت گرد ہلاک ہوگئے، یہ دہشت گرد کوئٹہ میں تخریب کاری کی بڑی واردات کے لیے میاں غنڈی پہنچے تھے۔ ادھر سوئی کے علاقے جانو بیڑی میں ایف سی نے کارروائی کرتے ہوئے 30کلو بارودی مواد، ڈیٹونٹر اور بیٹری برآمد کرلی۔ ایک اور کارروائی میں ایف سی نے نصیر آباد کے علاقے گوٹھ شاہ نواز سے بھی 2روسی ساختہ میزائل برآمد کیے۔