لاہور(نیوزڈیسک) لاہور میں دہشت گردی اور میڈیا کے کردار پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ملک میں امن کیلئے دہشتگردوں کیخلاف جاری ضرب عضب اور کراچی آپریشن کا مکمل ہونا بہت ضروری ہے۔ اگر خدانخواستہ ایسا نہ ہوا تو اس کا نقصان پاکستان کو ہوگا۔ اگر ان آپریشنز کو ادھورا چھوڑا گیا تو شاید پاکستان اپنے پائوں پر کھڑا نہ ہو سکے۔ اس ملک کو وہ پاکستان بنانا ہے جس کا خواب قائداعظمؒ نے دیکھا تھا۔ سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ضرب عضب شروع کرنے میں دیر ہوئی۔ ہم نے شدت پسندوں سے مذاکرات کرنے کی پوری کوشش کی تھی تاہم شدت پسندوں کے رویے کی وجہ سے آپریشن کرنا پڑا۔ ایاز صادق نے اٹک دھماکا میں اپنی جان کا ںذرانہ پیش کرنے والے کرنل شجاع خانزادہ کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شجاع خانزادہ نے جان کی قربانی دیکر ملک کے بچوں کا مستقبل محفوظ کیا۔ شجاع خانزادہ پاکستان کا بیٹا تھا جس نے ملک کیلئے جان کی قربانی دی۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمنوں کو پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبہ اچھا نہیں لگتا۔ بھارتی رویہ بتا رہا ہے کہ وہ کیسے مذاکرات چاہتا ہے۔ بھارت کی جانب سے دولت مشترکہ کانفرنس پر ردعمل اس کے خیالات کی ترجمانی کرتا ہے۔