کراچی (نیوزڈیسک)سکیورٹی اور تحقیقاتی اداروں نے ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل پر حملے کے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے ۔ذرائع کے مطابق فوٹیج میں صاف دیکھا جاسکتا ہے کہ رشید گوڈیل پر دو موٹرسائیکل پر سوار حملہ آوروں نے حملہ کیا ،حملہ آور شہید ملت روڈ کی عقبی گلی سے آئے ۔انہوںنے گاڑی کو روکا اور چند لمحے کچھ باتیں کیں اور پھر فائر کھول دیا ۔حملہ آوروں کے رکنے اور باتیں کرنے سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ رشید گوڈیل کے جاننے والے تھے ۔دوسری جانب سے رشید گوڈیل کے اہل خانہ کے کہنا ہے کہ وہ اپنی والدہ سے ملنے کے بعد نائن زیرو جانا چاہتے تھے ۔ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ رشید گوڈیل کو منگل کی صبح ایم کیو ایم اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان ہونے والے مذاکرات سے جان بوجھ کر دور رکھا گیا اور انہیں مذاکرات میں شرکت کرنے سے روک دیا گیا ۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ بات بھی خارج از امکان نہیں کہ رشید گوڈیل پر ہونے والا حملہ ایم کیو ایم رہنماو ¿ں اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان مذاکرات کو سبوتاژ کروانے کےلئے کروایا گیا ہو ،سکیورٹی ادارے اس بات پر بھی تحقیقات کررہے ہیں کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ارکان قومی اسمبلی ،سینیٹ اور سندھ اسمبلی پر اپنے عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنی قیادت بچانے کے لیے استعفیٰ دلوائے تھے ۔جبکہ الطاف حسین نے رشید گوڈیل کو نالائق اور بے کار ہونے کے القابات سے بھی نوازا تھا ۔جبکہ ایم کیو ایم کے قائد نے رشید گوڈیل سے ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر کا عہدہ بھی واپس لے لیا تھا اور اپنے خطاب میں انہیں انتہائی ناکارہ ،نالائق اور بے کار آدمی کے القابات سے نوازا تھا ۔رشید گوڈیل کافی عرصے سے منظر عام سے غائب تھے اور ٹی وی پر نشر ہونے والے کسی بھی ٹاک شو میں حاضری نہیں لگارہے تھے اور نہ ہی ان کا کوئی بیان میڈیا پر گردش کررہا تھا ۔