کراچی (نیوزڈیسک) بھارتی اخبار اکنامک ٹائمز لکھتا ہے کہ چین سے جنگی طیارے جے 10کا پہلا غیر ملکی خریدار ایران نہیں بلکہ پاکستان ہوگا۔ ایران پر اقوام متحدہ کی پابندیوں کے خاتمے کے بعد چین ایران کوجے 10 لڑاکا جیٹ فروخت کرنا چاہتا ہے تاہم پاکستان ان طیاروں کا پہلا خریدار ہوسکتا ہے،چینی دفاعی ماہرکا کہنا ہے تہران سے پہلے پاکستان ان کثیر جہتی صلاحیتوں کے جنگی طیاروں کو چین سے خرید سکتا ہے۔تھرڈ جنریشن سے تعلق رکھنے والے لڑاکا طیارے جے10 چینی ایوی ایشن انڈسٹری کی طرف سے ڈیزائن اور تیار کیے گئے ،چین فوجی ماہرین ان طیاروں کو امریکا کے ایف 16فالکن کے جدید ورژن کا ہم پلہ قرار دیتے ہیں۔ چینی اخبار’’ چائنہ ڈیلی‘‘ کے حوالے سے کہا گیا کہ جے 10کا پہلا غیر ملکی خریدار پاکستان ہو گا، ایران نہیں،تاہم اس کی وضاحت نہیں کی گئی۔رپورٹ کے مطابق جاپانی ویب سائٹ’’دی ڈپلومیٹ‘‘ نے ایک رپورٹ میں لکھا کہ پاکستان نے 2009ء میں چین سے 36؍ جنگی طیارے جے 10کی خریداری کے ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے۔