کراچی (نیوزڈیسک) جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن آج (منگل) کو ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو جائیں گے۔ ایم کیو ایم کے ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن ایم کیو ایم کے رہنماﺅں سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں کراچی آپریشن میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کی گرفتاریوں، چھاپوں، مانیٹرنگ کمیٹی کے قیام اور دیگر امور پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمن ایم کیو ایم کے رہنماﺅں کو وفاقی حکومت کا مذاکراتی پیغام بھی پہنچائیں گے اور حکومت کی جانب سے یہ یقین دہانی کرائیں گے کہ ایم کیو ایم کے جائز تحفظات کو قانون کے مطابق حل کیا جائے گا۔ مولانا فضل الرحمن ایم کیو ایم کی قیادت پر زور دیں گے کہ وہ اپنے ارکان پارلیمنٹ اور سندھ اسمبلی کے استعفے دینے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور فوری استعفے واپس لئے جائیں۔توقع ہے کہ مولانا فضل الرحمن کی ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فونک گفتگو بھی ہوگی۔ مولانا فضل الرحمن کے ہمراہ وفاقی وزیر ہاﺅسنگ اکرم درانی اور جے یو آئی (ف) کی مقامی قیادت بھی شامل ہوگی۔ ایم کیو ایم کی جانب سے نائن زیرو پر مولانا فضل الرحمن کا روایتی استقبال کیا جائے گا اور مولانا فضل الرحمن کے اعزاز میں خصوصی ظہرانے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ ظہرانے میں حلیم کی ڈش خصوصی طور پر شامل ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن ایم کیو ایم کے شہید وگرفتار کارکنان کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مذاکرات میں ایم کیو ایم کے مطالبات کے حوالے سے جو مشاورت ہوگی مولانا فضل الرحمن اس سے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو آگاہ کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی خصوصی درخواست پر ایم کیو ایم کے مطالبات اور استعفوں کا معاملہ حل کرنے کے لئے کراچی پہنچے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن وفاقی حکومت اور ایم کیو ایم کے درمیان مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کررہے ہیں۔