کراچی(نیوزڈیسک)جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کل ظہرانے پر ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے نائن زیرو پر ملاقات کریں گے۔ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق جے یو آئی (ف) کے رہنما اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات کا وقت اور مقام طے ہوگیا ہے وہ کل دن 11 بجے نائن زیرو آئیں گے جہاں ان کا استقبال کیا جائے گا جب کہ کل ظہرانے پر مولانا فضل الرحمان کی ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات ہوگی، ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کی جانب سے ڈاکٹر فاروق ستار اور کنور نوید جمیل ملاقات میں شریک ہوں گے۔دوسری جانب مولانا فضل الرحمان جے یو آئی کے رہنما اکرم درانی اور امین زمان کے ہمراہ کراچی پہنچے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمیں ملکی استحکام عزیز ہے، جس کے لیے سیاسی استحکام بھی ضروری ہے جب کہ ایم کیو ایم سے مذاکرات کی کامیابی کی امید نہ ہوتی تو کراچی نہ آتا۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین سے اطمینان بخش بات چیت ہوئی اب ایم کیوایم کی قیادت سے بات چیت کے لیے کراچی آیا ہوں جب کہ مذاکرات میں جو پیش رفت ہوگی اس سے قوم اور وزیراعظم کو آگاہ کروں گا۔فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کی جان ومال کے تحفظ کی ذمہ داری ریاست پر ہوتی ہے جب کہ کراچی میں عوام اب امن اور اطمینان محسوس کررہے ہیں اور ایم کیو ایم کو بھی اس بات کا احساس ہے البتہ اگرہ وہ محسوس کررہی ہے کہ آپریشن اس کے خلاف ہے تو اس پر بات ہونی چاہیے۔واضح رہے ایم کیو ایم کی جانب سے قومی وصوبائی اور سینیٹ کی نشستوں سے استعفے دینے کے بعد حکومت نے انہیں منظور نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور ایم کیو ایم کے تحفطات دور کرنے کے لیے مولانا فضل الرحمان کو ثالث کا کردار ادا کرنے کے لیے کراچی بھیجا ہے