اسلام آباد(نیوزڈیسک)الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ضابطہ اخلاق میں لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق ترمیم کی گئی، تحریک انصاف کی جانب سے ضابطہ اخلاق پر شور سمجھ سے بالاتر ہے۔ہری پور ضمنی انتخابات میں ترقیاتی پروگراموں کے اعلانات پر تحریک انصاف نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں حکومت نے وسائل کا بے دریغ استعمال کیا پابندی کے باوجود حکومت کی جانب سے کئی سکیمیں اناو ¿نس کی گئیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اراکین اسمبلی،وزرا اور وزیر اعظم کے دوروں پر سے پابندی ہٹائی گئی ¾لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے رہنما منصور سرور خان کی جانب سے پٹیشن دائر کی گئی تھی جس میں الیکشن کمیشن کے انتخابی ضابطہ اخلاق پر اعترضات اٹھائے گئے تھے جس پر لاہور ہائکورٹ نے وزیر اعظم ،وزرا اور اراکین اسمبلی کو انتخاب والے حلقوں میں دوروں کی اجازت دے دی تھی۔تحریک انصاف ہی سب سے زیادہ اس معاملے پر شور مچا رہی ہے جو سمجھ سے باہر ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے جس کا فیصلہ آنے پر ہی مزید اقدامات کئے جا سکیں گے ۔