اسلام آباد (نیوزڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ نگران حکومتیں تھیں نہ ہی آر اوز اور نہ نواز شریف نے کوئی تقریر کی تو پھر ہری پور میں عمران خان کو عبرتناک شکست کیوں ہوئی ؟عوام نے ایک بار پھر نواز شریف اور مسلم لیگ (ن)پر اعتماد کا اظہار اور عمران خان کو جھوٹ بولنے کی سزا دی ہے ۔پیر کو ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ این اے 19ہری پور میں بابر نواز کی کامیابی نے ثابت کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کی کار کر دگی عوام میں مسلمہ ہے جبکہ عمران خان صرف زبانی ”حسن کار کر دگی “کے دعوے کرتے ہیں ہری پور کے عوام نے 46ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری سے مسلم لیگ (ن)کے امیدوار کو جتا کر 2013کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن)کی جیت پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے انہوںنے کہاکہ عمران خان کو یہ سزا خیبر پختون خوا کے عوام نے مسلسل جھوٹ بولنے اور نو جوانوں کو گمراہ کر نے کی وجہ سے دی ہے پرویز رشید نے کہاکہ این اے 19ہری پور میں نہ تو نگران حکومتیں تھیں نہ آراوز اور نہ ہی نواز شریف کی کوئی تقریر ہوئی تھی اور نہ ہی اردو بازار کا پرنٹنگ پریس تھا پھر عمران خان کو یہ عبرتناک شکست کیوں ہوئی ؟پاکستان کے عوام وزیر اعظم نواز شریف کی کار کر دگی کے اعتراف میں ہر آزادانہ اور منصفانہ انتخابات میں ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں ۔