پشاور(نیوز ڈیسک).پشاور کے علاقے حیات آباد میں موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں کی پولیس موبائل پر فائرنگ سے ایک اہلکار جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق حیات آباد پولیس کی موبائل معمول کی گشت پر تھی کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ڈرائیور اور کانسٹیبل زخمی ہوگئے جنھیں فوری طور پر حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔ جہاں کانسٹیبل بخت منیر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ دوسرے اہلکار انور کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی





















