اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ علاقائی ترقی اور امن کے لیے سارک ممالک کو اہمیت دیتے ہیں ، خطے میں قیام امن کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ وزیر اعظم نواز شریف سے کیبنٹ سیکرٹریز اور سارک ممالک کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ علاقائی ترقی امن کے لئے سارک ممالک کو اہمیت دیتے ہیں۔ پونے دو ارب کی آبادی جنوبی ایشیا کی بڑی مارکیٹ ہے ، وسائل سے استفادہ کر کے ترقی حاصل کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں قیام امن کے لئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی ، وسائل کے درست استعمال سے عوام کا معیار زندگی بہتر کیا جا سکتا ہے۔ امن کے قیام کے لئے سارک ممالک کو کردارادا کرنا چاہیئے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عوام کی امنگیں سارک تنظیم کے ایجنڈے پر ہیں ، سارک کے پلیٹ فارم سے غربت کا خاتمہ ترجیح ہے۔ سول سروسز ریفارم کے لئے کام کیا جا رہا ہے۔ ملاقات میں بیرسٹر ظفر اللہ خان ، ارجون بہادر ، سیکرٹری جنرل سارک سعید عبدالناسس یوسفی ، افغانستان سفیر محمد مشرف حسین ، بنگلا دیش ، بھارت ، بھوٹان ، نیپال اور سری لنکا کے کیبنٹ سیکرٹری شامل تھے۔