اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیردفاعی پیداوار راناتنویر نے کہاہے کہ عرب امارات کے وزیر خارجہ کا بیان ان کی حکومت کی طرف سے نہیں آیا اس لیے اس بیان کو ہم ان کا سرکاری موقف نہیں مانتے۔میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے رانا تنویر کا کہناتھا کہ حکومت کا موقف ہے کہ یمن کی قانونی حکومت برطرف کی گئی اسے بحال ہونا چاہیے ،یمن کی منتخب حکومت کے ساتھ ہیں لیکن ان کی امداد نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی علاقائی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دیں گے اور ہماری عسکری حمایت سعودی عرب کے ساتھ ہے۔ان کا کہناتھاکہ انہو ںنے چوہدری نثار کا بیان نہیں پڑھا اس لیے وہ اس پر تبصرہ نہیں کر سکتے اور جہاں تک بات ہے چوہدری نثار کے حکومت سے ناراض ہونے کی تو وہ حکومت سے ناراض نہیں ہیں اور جہاں ان کی ضرورت ہوتی ہے وہ وہاں موجود ہوتے ہیں۔رانا تنویر نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اپنے بیانات سے عدلیہ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔