اتوار‬‮ ، 22 دسمبر‬‮ 2024 

ڈگری

datetime 18  جنوری‬‮  2024
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

نوجوان نے یونیورسٹی میں پہلی پوزیشن حاصل کی‘ وہ گولڈ میڈلسٹ تھا‘ یونیورسٹیوں میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے چہروں پر ایک خاص قسم کا اعتماد ہوتا ہے‘ ان کی آنکھیں روشن ہوتی ہیں‘ یہ بھنویں چڑھا کر دائیں بائیں دیکھتے ہیں‘ ان کی گردن میں تنائو ہوتا ہے‘ یہ ناک کو بار بار سکیڑتے ہیں‘ ان کی آواز بھاری ہوتی ہے اور یہ عموماً سیدھے ہو کر چلتے ہیں‘ یہ چال‘ ڈھال اور یہ اعتماد شاید کام یابی کی دین ہوتی ہے‘ کام یاب لوگ شاید اتنے ہی بااعتماد ہوتے ہیں لیکن یہ کیوںکہ یونیورسٹی میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے عملی زندگی میں آنے والے نوجوانوں کی پہلی کام یابی ہوتی ہے چناںچہ ان کا اعتماد ان کی باڈی پر سوٹ نہیں کر رہا ہوتا‘ یہ دور سے پہچانے جاتے ہیں بالکل ان لوگوں کی طرح جو زندگی میں پہلی بار سوٹ پہنتے ہیں‘

جو زندگی میں پہلی بار کافی پیتے ہیں یا جو زندگی میں پہلی بار سگار پیتے ہیں‘ ان نوجوانوں کا اعتماد مانگے ہوئے کوٹ کی طرح ڈھیلا ڈھالا سا محسوس ہوتا ہے‘ میں کیوںکہ گولڈ میڈلسٹ تھا اور میں نے زندگی میں بے شمار گولڈ میڈلسٹ دیکھے ہیں چناںچہ میں ان لوگوں کی نفسیاتی حالت اور چال ڈھال سے پوری طرح آگاہ ہوں‘ میں اس معاملے میں اتنا تجربہ کار ہو چکا ہوں کہ میں چند لمحوں میں سو ڈیڑھ سو نوجوانوں میں سے گولڈ میڈلسٹ کو تلاش کر لیتا ہوں اور تلاش کے بعد میں اس کے سوالوں اور جوابوں کا اندازہ بھی کر سکتا ہوں‘ یہ بے چارے بہت ہی بے چارے ہوتے ہیں‘ یہ بعض اوقات قابل رحم بھی ہوتے ہیں‘ یہ قابل رحم اور بے چارے کیوں ہوتے ہیں‘ یہ میں آپ کو اگلی سطروں میں بتائوں گا‘ ہم سر دست اس نوجوان کی طرف آتے ہیں‘

یہ نوجوان پورے اعتماد کے ساتھ میرے سامنے بیٹھ گیا‘ میں نے اس سے پوچھا ’’ آپ کیا کرنا چاہتے ہو؟‘‘ اس نے جواب دیا ’’ میں صحافی بننا چاہتا ہوں‘‘ میں نے عرض کیا ’’ویری گڈ لیکن صحافت کے 34 شعبے ہیں‘ آپ کس شعبے میں کام کرنا چاہتے ہو؟‘‘ اس نے جواب دیا ’’ میں اگر پرنٹ میڈیا میں رہا تو کالم نگار بنوں گا اور اگر ٹی وی جوائن کیا تو اینکر‘‘ میں نے عرض کیا ’’ بہت اچھا‘ آپ کاغذ اور قلم لو اور مجھے دنیا کے پانچ بڑے کالم نگاروں اور پاکستان کے پانچ اردو اور پانچ انگریزی کے کالم نگاروں کے نام لکھ کر دو‘‘ نوجوان کا رنگ فق ہو گیا‘ اس نے کاغذ لیا اور رک رک کر‘ سوچ کر نام لکھنے لگا‘

وہ دس منٹ کی محنت سے صرف چھ نام لکھ سکا‘ ان ناموں میں لیری کنگ کا نام بھی شامل تھا‘ میں نے اس کے بعد اس سے عرض کیا ’’بیٹا آپ اب ان کالم نگاروں کے سامنے ان کے کالم کا ٹائٹل اور اخبارات کے نام لکھو‘‘ یہ ایک مشکل کام تھا‘ نوجوان نے تھوڑی سی کوشش کی لیکن جلد ہی ہمت ہار کر قلم نیچے رکھ دیا‘ میں نے عرض کیا ’’آپ ان کالم نگاروں میں سے کس کو سب سے زیادہ پسند کرتے ہیں؟‘‘ اس نے فوراً جواب دیا ’’ آپ کو‘‘ میں نے اس کا شکریہ ادا کیا اور اس سے پوچھا ’’ آپ نے میرا آخری کالم کب پڑھا تھا؟‘‘ وہ اس سوال پر پھنس گیا‘ وہ آئیں بائیں شائیں کرنے لگا‘ میں نے اسے خفت سے نکالنے کے لیے عرض کیا ’’ آپ کو میرے کسی ایک کالم کا تھیم یاد ہو!‘‘ اس نے فوراً ایک کالم کا حوالہ دیا‘ میں نے اس کا حوالہ سن کر عرض کیا ’’ یہ کالم میں نے نہیں لکھا تھا‘

یہ ہارون الرشید صاحب نے تحریر کیا تھا‘‘ وہ شرمندہ ہو گیا‘ میں نے اس سے عرض کیا ’’ آپ آج کل کون سی کتاب پڑھ رہے ہیں‘‘ اس نے جواب دیا ’’ مجھے کتابوں میں زیادہ انٹرسٹ نہیں‘‘ میں نے پوچھا ’’آپ نے آخری فلم کب دیکھی تھی؟‘‘ اس نے جواب دیا ’’ میں نے کل ہی ’’گڈ نیوز‘‘ دیکھی ہے‘‘ میں نے پوچھا ’’ آپ نے ہالی ووڈ کی کوئی فلم دیکھی ہو‘‘ اس نے جواب دیا ’’اواتار‘‘ میں نے پوچھا ’’ اس کے بعد‘‘ اس نے انکار میں سر ہلا دیا‘ میں نے پوچھا ’’ آپ کون سا اخبار پڑھتے ہیں؟‘‘ اس نے برا سا منہ بنایا اور انکار میں گردن ہلا دی‘ میں نے پوچھا ’’صحافت کا کوئی ایک کام جو آپ اسی وقت کر سکتے ہوں‘‘ وہ حیرت سے میری طرف دیکھنے لگا‘ میں نے عرض کیا ’’ مثلاً خبر بنا سکتے ہوں‘ مضمون لکھ سکتے ہوں‘ سٹوری بورڈ بنا سکتے ہوں‘ ریسرچ کر سکتے ہوں‘ خبر ایڈٹ کر سکتے ہوں‘ سرخیاں بنا سکتے ہوں‘ کاپی جڑوا سکتے ہوں اور اخبار کا لے آئوٹ تیار کر سکتے ہوں‘‘ اس نے انکار میں سر ہلا دیا‘ میں نے عرض کیا ’’ آپ صحافت سے باہر نکلیں‘ آپ اس کے علاوہ کوئی کام جانتے ہوں مثلاً آپ کو بجلی کی وائرنگ آتی ہو‘ آپ ٹونٹی ٹھیک کر سکتے ہوں‘

آپ دیوار پینٹ کر سکتے ہوں‘ آپ گاڑی ٹھیک کر سکتے ہوں‘ آپ کو اردو ٹائپنگ آتی ہو‘ آپ ریکارڈ مینٹین کر سکتے ہوں یا آپ کمپیوٹر ٹھیک کر سکتے ہوں‘‘ اس نے انکار میں سر ہلا دیا‘ میں نے اس سے پوچھا ’’ کیا آپ کو ڈرائیونگ آتی ہے؟‘‘ اس نے انکار میں سر ہلا دیا‘ میں نے پوچھا ’’ کیا آپ رائفل چلا سکتے ہیں؟‘‘ اس نے انکار کر دیا‘ میں نے پوچھا ’’ کیا آپ تاش کھیل سکتے ہیں؟‘‘ اس کا جواب نفی میں تھا‘ میں نے اس سے پوچھا ’’ دنیا کا کوئی ایک کام جس کے بارے میں آپ کو پورا یقین ہو‘ یہ آپ آنکھیں بند کر کے کر سکتے ہیں!‘‘ وہ سوچ میں پڑھ گیا‘ میں اس کے چہرے کو دیکھتا رہا‘ اس کے چہرے پر پسینے کے سوا کچھ نہیں تھا‘ میں اپنے سوالوں اور اس کی حالت پر شرمندہ ہو گیا۔
میں نے اس سے عرض کیا ’’بیٹا آپ کو اگر کچھ نہیں آتا تو پھر آپ کو نوکری کیوں دی جائے؟‘‘ نوجوان نے جواب دیا ’’ سر میں سیکھ جائوں گا‘ آپ بس مجھے موقع دیں‘‘ میں نے قہقہہ لگایا اور اس سے عرض کیا ’’ یہ جواب ثابت کرتا ہے‘ آپ کی سولہ سال کی تعلیم اور فرسٹ کلاس فرسٹ ڈگری نے آپ کو کچھ نہیں سکھایا‘

آپ یونیورسٹی سے کچھ سیکھ کر نہیں آئے اور آپ کی ڈگری محض ایک ٹکڑے سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتی‘‘ وہ خاموش رہا لیکن اس کا چہرہ غصے سے تپ رہا تھا‘ اس کے گالوں پر جیسے آگ لگی ہوئی تھی‘ وہ چند لمحے خاموش رہا اور اس کے بعد بولا ’’ کیا آپ گھر سے سیکھ کر آئے تھے؟‘‘ میں نے انکار میں سر ہلایا اور آہستہ آواز میں جواب دیا ’’نہیں! میں نے یونیورسٹی دور میں سیکھنا شروع کیا تھا‘ میں نے ایم اے میں فیصلہ کر لیا تھا میں نے کالم نگار بننا ہے چناںچہ میں دن کے وقت یونیورسٹی میں پڑھتا تھا‘ شام کے وقت بہاولپور کے ایک اخبار میں مفت کام کرتا تھا‘ خبر بنانا سیکھتا تھا‘ سرخیاں لگاتا تھا اور کالم لکھتا تھا‘ میں روز آدھی کتاب بھی ختم کرتا تھا چناںچہ میں جب پہلی نوکری کے لیے گیا اور مجھ سے غیر ملکی‘ اردو اور انگریزی کے پانچ پانچ کالم نگاروں کے نام پوچھے گئے تھے تو میں نے چند منٹوں میں سارے نام لکھ دیے تھے‘‘ اس نے مسکرا کر میری طرف دیکھا اور پوچھا ’’ آپ یقینا بجلی کی وائرنگ‘ دیواروں پر پینٹ اور موٹرمکینک کا کام بھی جانتے ہوں گے‘‘ میں اس کا طنز بھانپ گیا‘ میں نے ہاں میں سر ہلایا اور عرض کیا‘

میں ساتویں اور آٹھویں کلاس میں شام کے وقت ریڈیو اور ٹیپ ریکارڈر ری پیئر کرنے والے ایک شخص کے پاس جاتا تھا‘ میں نے آٹھویں جماعت میں یہ کام بھی سیکھ لیا اور بجلی کی وائرنگ بھی‘ میں بچپن میں دیواروں پر پینٹ بھی کر لیتا تھا اور میں نے ایف ایس سی میں رائفل کھولنے‘ جوڑنے اور نشانہ لینے کی ٹریننگ بھی لے لی‘ میں سکائوٹ بھی بن گیا‘ میں نے کیمپنگ بھی کی اور میں نے بی اے میں ڈرائیونگ سکول سے گاڑی چلانا بھی سیکھ لیا‘ میں گرمیوں کی چھٹیوں میں فری کوچنگ کلاسز لیتا تھا‘ میں چھوٹے بچوں کو پڑھانا سیکھتا تھا‘ میں نے آگ بجھانے کا ڈپلومہ بھی لیا اور میں نے سلائی مشینیں ٹھیک کرنے کا کورس بھی کیا‘‘۔ اس نے قہقہہ لگایا اور بڑے دلچسپ ریمارکس دیے‘ اس کا کہنا تھا ’’ آپ ایک کنفیوژ شخصیت ہیں‘‘ میں نے بھی قہقہہ لگایا اور عرض کیا ’’ ہاں آپ کہہ سکتے ہیں لیکن میں نے بچپن اور جوانی میں وقت ضائع نہیں کیا‘ میں سیکھتا رہا‘ میں آج بھی سیکھ رہا ہوں‘ یہ سوچ کر سیکھ رہا ہوں‘ مجھے اگر کسی دن صحافت چھوڑنی پڑ گئی تو میرے پاس کوئی نہ کوئی ایسا ہنر ضرور ہونا چاہیے جو مجھے کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے سے بچا سکے‘

میں سلائی مشینیں ٹھیک کرنے کی دکان پر کام کر لوں‘ میں آگ بجھانے والی کمپنی میں کام کر لوں‘ میں بجلی کی وائرنگ کر لوں‘ دیواروں پر پینٹ کر لوں یا پھر کسی کا ڈرائیور بن جائوں مگر بھکاری نہ بنوں‘ مجھے کسی انسان کے سامنے شرمندہ نہ ہونا پڑے‘‘ وہ نوجوان تھوڑا سا شرمندہ ہو گیا‘ میں نے اس سے عرض کیا ’’ میری شدید خواہش ہے‘ میں روز کسی نہ کسی یونیورسٹی جائوں اور وہاں موجود طالب علموں سے ایک سوال کروں‘ کیا تم کوئی ایسا ہنر جانتے ہو جو تمہیں فوری طور پر روزی دے سکے‘ تم جس کی مدد سے اپنا بوجھ اٹھا سکو‘ جس جس نوجوان کا جواب ہاں ہو اسے ڈگری دے دی جائے اور جو انکار کرے اسے ڈگری کے لیے نااہل قرار دے دیا جائے کیوںکہ جو ڈگری آپ کو ہنر نہیں دیتی‘ وہ ڈگری کاغذ کے معمولی ٹکڑے سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتی‘ وہ محض وقت کا ضیاع ہوتی ہے۔

موضوعات:



کالم



طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے


وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…

شیطان کے ایجنٹ

’’شادی کے 32 سال بعد ہم میاں بیوی کا پہلا جھگڑا…