جمعرات‬‮ ، 26 دسمبر‬‮ 2024 

ترقی چیونٹی کے پاؤں لے کر پیدا ہوتی ہے

datetime 4  اکتوبر‬‮  2015
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وہ مزد ور کا مقدر لے کر پیدا ہوا تھا لیکن اس نے اپنے وژن‘ محنت اور ایمانداری سے اپنا مقدر بدل دیا‘ وہ2007 ء میں دنیا کا چوتھا امیر ترین شخص بن گیا۔
وہ 1926ء میں سویڈن کے ایک گاؤں Agonnaryd میں پیدا ہوا‘ اس کے والدین ایک فارم ہاؤس ایلمٹریاڈ (Elmtaryd) میں مزدوری کرتے تھے‘ اس کے والدین نے پانچ برس کی عمر میں اسے بھی مزدوری پر لگا دیا لیکن اس نے مزدور کی بجائے کاروبار کا فیصلہ کیا‘ اس کا نام تین سال کی عمر میں رکھا گیا‘ اس کے نام کے دو حصے تھے انگوار اور کیمپارڈ‘ اس نے گیارہ سال کی عمر میں ماچسیں بیچنا شروع کیں‘ وہ ماچسوں کے ڈبے لیتا اور سائیکل پر گلی گلی ماچسیں بیچتا رہتا‘ وہ یہ کام چھ ماہ تک کرتا رہا پھر ایک دن اسے معلوم ہوا اگر وہ شہر سے تھوک میں ماچس خرید لے اور یہ ماچس گاؤں کے دوکانداروں اور پھیری بازوں کو بیچ دے تو وہ زیادہ منافع کما سکتا ہے‘ انگوار اگلے دن سٹاک ہوم چلا گیا اور وہاں سے تھوک میں ماچس خرید لایا‘ اس نے یہ ماچسیں تھوڑا سا منافع رکھ کر بیچ دیں‘ اس نے اگلے سال تک ماچسوں کے کاروبار کو مچھلی‘ کرسمس ٹری‘ کرسمس کارڈز‘ پھولوں کے بیج‘ بال پوائنٹس اور پینسلوں تک پھیلا دیا‘ وہ یہ ساری اشیاء تھوک میں خریدتا تھا اور بعد ازاں گاؤں کے دکانداروں کو فروخت کردیتا تھا‘ وہ 17 سال کا ہوا تو اس کے والد نے اسے تھوڑے سے پیسے دیئے‘ اس نے اس معمولی سی رقم سے ایک ایسی کمپنی کی بنیاد رکھ دی جس نے آنے والے دنوں میں پوری دنیا کا لائف سٹائل تبدیل کردیا‘ انگوار نے اس رقم سے وزن میں ہلکا لیکن رنگوں میں تیز فرنیچر بنانا شروع کردیا‘ لوگوں کا خیال تھا اس کا آئیڈیا ناکام ہوجائے گا کیونکہ اس وقت لکڑی کے بھاری بھرکم فرنیچر کا رواج تھا‘ لوگ ایک مرتبہ فرنیچر بنواتے تھے اور یہ فرنیچر تین نسلوں تک ان کا ساتھ دیتا تھا چنانچہ اس وقت یورپ میں فرنیچر ایک ایسی پراڈکٹ سمجھا جاتا تھا جس کی مانگ نہ ہونے کے برابر تھی‘ اس وقت تک فرنیچر کے سٹورز اور شو رومز بھی شروع نہیں ہوئے تھے‘ لوگ ترکھانوں سے اپنی ضرورت کا فرنیچر بنوا لیتے تھے لیکن انگوار نے فرنیچر کو کاروبار کی شکل دینے کا فیصلہ کیا‘ اس کا خیال تھا آنے والے دنوں میں پوری دنیا میں نقل مکانی شروع ہوجائے گی‘ لوگ روزگار کیلئے آبائی شہروں سے باہر نکلیں گے لہٰذا اس نقل مکانی کے دوران بھاری فرنیچر کی نقل وحمل مشکل ہو جائے گی‘ اس کا خیال تھا مستقبل قریب میں بڑے شہروں پر آبادی کا دباؤ بڑھ جائے گا جس کے نتیجے میں مکانوں اور فلیٹوں کا سائز چھوٹا ہو گا چنانچہ لوگوں کو چھوٹے سائز کے مکانوں کیلئے فرنیچر بھی چھوٹے سائز کا چاہیے‘ اس کا خیال تھا مستقبل رنگوں کا دور ہو گا‘ آنے والے دنوں میں ہر چیز رنگین ہو جائے گی چنانچہ اس نے ان تمام امکانات کو ذہن میں رکھتے ہوئے اکیا (ikea) کے نام سے یورپ میں فرنیچر سازی کی پہلی کمپنی کی بنیاد رکھی۔
’’اکیا‘‘ ایک لایعنی لفظ تھا‘ یہ چار حروف آئی‘ کے ‘ای اور اے کا مجموعہ تھا‘ اس نے چار حرف اپنے نام اور اپنے گاؤں سے لئے تھے‘ آئی اس کے نام انگوار کو ظاہر کرتا تھا‘ کے سے مراد کیمپارڈ تھی‘ ای کا تعلق اس فارم ہاؤس ایلمٹریاڈ سے تھا‘ جس میں اس نے پرورش پائی تھی اور اے اس کے آبائی گاؤں Agunnaryd کا پہلا حرف تھا‘ انگوار نے جب اپنی کمپنی کا نام ’’اکیا‘‘ رکھا تو لوگوں کا خیال تھا اس کے بزنس کی طرح اس کی کمپنی کا نام بھی لایعنی ہے لہٰذا یہ کاروبار اور یہ کمپنی چند ماہ میں ماضی کا قصہ بن جائے گی لیکن انگوار نے آنے والے دنوں میں لوگوں کے سارے خدشات باطل ثابت کردیئے‘ اس نے سائز میں چھوٹا‘ وزن میں ہلکا اور رنگوں میں تیز فرنیچر بنوایا اور یہ فرنیچر آنے والے دنوں میں دنیا کا لائف سٹائل بن گیا‘ اس نے دنیا کی نفسیات اور طرز رہائش بدل کر رکھ دی ’’اکیا‘‘ بیس برس بعد یورپ کی سب سے بڑی کمپنی بن گئی‘ اس کی یہ کامیابی اس کے وژن‘ محنت اور ایمانداری کا نتیجہ تھا‘ اس نے وقت کی تبدیلی کو بھانپ لیا تھا‘ وہ سمجھ گیا تھا چھوٹی اور کارآمد چیزوں کا دور آنے والا ہے لہٰذا مستقبل میں صرف وہی چیزیں کامیاب ہوں گی جو سائز میں چھوٹی‘ وزن میں ہلکی اور استعمال میں وسیع ہوں گی‘ 1980ء میں اس نے بزنس کو ایک اور کروٹ دی‘ اس نے گھر میں استعمال ہونے والی ہر قسم کی مشینری بنانا شروع کردی‘ وہ اس وقت کچن میں استعمال ہونے والی چھوٹی چمچ سے لے کرگھر میں استعمال ہونے والے باتھ ٹب تک ہر چیز بنا رہا ہے‘ اس کا کاروبار یورپ سے لے کر امریکہ تک اور دوبئی سے لے کر نیوزی لینڈ تک دنیا کے 34 بڑے ممالک میں پھیلا ہوا ہے‘ اس کے سٹورز پر روزانہ 900 ملین ڈالر کی سیل ہوتی ہے اور آج یہ کہا جاتا ہے یورپ میں شاید ہی کوئی ایسا گھر ہوگا جس میں ’’اکیا‘‘ کی کوئی نہ کوئی چیز نہ ہو‘ مارچ 2007ء میں فوربس انٹرنیشنل نے مزدور کے اس بیٹے کو دنیا کا چوتھا امیر ترین شخص قراردیا تھاجبکہ جون 2015ء میں Bloomberg Billionaires Index نے اسے دنیا کا آٹھواں امیر ترین شخص قرار دیا‘ اس وقت اس کے ذاتی اکاؤنٹ میں 43 بلین ڈالر جمع ہیں جبکہ اس کی دولت میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔
انگوار کیمپارڈ ایک انتہائی دلچسپ شخص ہے‘ وہ ارب پتی ہونے کے باوجود انتہائی سادہ زندگی گزارتا ہے‘ وہ پندرہ سال پرانی والو گاڑی استعمال کرتا ہے‘ اپنی گاڑی خود چلاتا ہے‘ ہمیشہ جہاز کی اکانومی کلاس میں سفر کرتا ہے‘ اس نے سات سال کی عمر میں کرسمس پیپر بیچنے کاکام شروع کیا تھا وہ اب تک یہ کاروبار کررہا ہے‘ وہ ہر سال کرسمس پیپر خریدتا ہے اور کرسمس کے بعد ان پیپرز کی سیل لگاتا ہے‘ اس نے ’’ اکیا ‘‘ کے تمام ملازمین کو کاغذ کی دونوں سمتیں استعمال کرنے کا حکم دے رکھا ہے‘ اس کے کسی دفتر میں اگر کوئی شخص ایک سمت استعمال کرکے کاغذ ردی کی ٹوکری میں پھینک دے تو وہ لڑنے مارنے پرآمادہ ہوجاتا ہے‘ وہ ہمیشہ سستے ریستورانوں میں کھانا کھاتا ہے‘ اس نے چالیس برس قبل ’’اکیا‘‘ کے دفاتر اور فیکٹریوں میں ملازموں کیلئے سستا کھانا شروع کرایا تھا‘ وہ اگر کھانے کے وقت اپنی کسی فیکٹری یا دفتر کے نزدیک ہو تو وہ ہمیشہ ’’ اکیا‘‘ کے کیفے ٹیریا میں کھانا کھاتا ہے اور دو تین ڈالر ‘پاؤنڈ ‘مارک یا کراؤن بچا کر خوش ہوتا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ انتہائی فراخ دل شخص بھی ہے‘ اس نے INGKA Fondation کے نام سے ایک فلاحی ادارہ بنا رکھا ہے‘ وہ اس ادارے کے ذریعے اب تک 36 بلین ڈالر کی چیرٹی کر چکا ہے‘ دنیا کے نامور میگزین اکانومسٹ کے مطابق انگوار فلاح عامہ میں بل گیٹس کے مقابلے میں کہیں زیادہ رقم خرچ کرتا ہے لیکن وہ اپنی چیرٹی کے تمام کاموں کی تشہیر نہیں کرتا لہٰذا دنیا اس کی خیرات اور فلاحی کاموں سے پوری طرح واقف نہیں‘ اگر انگوار کیمپارڈ کی ذات کا مطالعہ کیا جائے تو وہ ایک ’’ کنجوس سخی‘‘ محسوس ہوتا ہے‘ وہ ایک طرف اپنے کسی ورکر کو ایک پنسل ضائع کرنے کی اجازت نہیں دیتا‘ وہ کاغذ کی دوسری پرت ضائع کرنے کے جرم میں اپنے ایم ڈی تک کو فارغ کردیتا ہے جبکہ دوسری طرف وہ اربوں کھربوں ڈالر خیرات کردیتا ہے‘ وہ شاید اس وقت دنیا میں اپنی نوعیت کا واحد شخص ہو گا۔
مجھے انگوار کا ایک انٹرویو دیکھنے کا اتفاق ہوا تھا‘ اس انٹرویو میں اس نے دو دلچسپ باتیں کیں ‘ اس نے بتایا ’’ دنیا میں نوکری کرنے والا کوئی شخص خوشحال نہیں ہوسکتا‘ انسان کی معاشی زندگی اس وقت شروع ہوتی ہے جب وہ اپنے کام کا آغاز کرتا ہے‘‘ اس کی دوسری بات اس سے بھی دلچسپ تھی‘ اس کا کہنا تھا ’’کامیابی اور ترقی کا تعلیم سے کوئی تعلق نہیں‘ اس کا کہنا تھا’’ اگر تعلیم سے روٹی کمائی جا سکتی تو آج دنیا کے تمام پروفیسر ارب پتی ہوتے‘ اس کا کہنا تھا اس وقت دنیا میں ساڑھے نو سو ارب پتی ہیں لیکن ان میں ایک بھی پروفیسر ‘ ڈاکٹر یا ماہر تعلیم شامل نہیں‘‘ اس کا کہنا تھا ’’ دنیا میں ہمیشہ درمیانے پڑھے لکھے لوگوں نے ترقی کی‘ یہ لوگ وقت کی قدروقیمت سمجھتے ہیں چنانچہ یہ لوگ ڈگریاں حاصل کرنے کی بجائے طالب علمی کے دور ہی میں کاروبار شروع کردیتے ہیں چنانچہ ان کی کامیابی انہیں کالج یا یونیورسٹی سے سٹور‘ کارخانے یا منڈی میں لے جاتی ہے‘‘ اس کا کہنا تھا وہ زندگی میں کبھی کالج نہیں گیا لیکن اس وقت اس کی کمپنی میں 30 ہزار اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین وحضرات کام کررہے ہیں‘ یہ تعلیم یافتہ لوگ وژن‘ علم اور دماغ میں اس سے کہیں بہتر ہیں بس ان میں ایک خامی تھی‘ ان میں نوکری چھوڑنے کا حوصلہ نہیں تھا‘ انہیں اپنے اور اپنی صلاحیتوں پر اعتماد نہیں تھا‘‘ اس کا کہنا تھا ’’اگر کوئی شخص انگوار کیلئے کام کرسکتا ہے تو وہ خود اپنے لئے بھی کام کرسکتا ہے‘بس اس کیلئے ذرا سا حوصلہ چاہیے‘‘ اس نے دنیا بھر کے نوجوانوں کو پیغام دیا ’’ترقی چیونٹی کے پاؤں لے کر پیدا ہوتی ہے لیکن جوان ہونے تک اس کے پاؤں ہاتھی جتنے بڑے ہوجاتے ہیں‘‘ اس کا کہنا تھا ’’دنیا میں ہر چیز کا متبادل موجود ہے لیکن محنت کا کوئی شارٹ کٹ نہیں‘‘ اس نے کہا ’’ دنیا کا کوئی کیمیائی عمل لوہے کو سونا نہیں بنا سکتا لیکن انسانی ہاتھ وہ طاقت ہیں جو دنیا کی کسی بھی دھات کو سونے میں بدل سکتے ہیں‘‘ اس نے کہا ’’ دنیا میں نکمے لوگوں کیلئے کوئی جائے پناہ نہیں جبکہ کام کرنے والوں کیلئے پوری دنیا کھلی پڑی ہے‘‘ اس نے کہا ’’ہنر مند شخص کا ہنر اس کا پاسپورٹ ہوتا ہے‘‘ میں نے جب انگوار کے یہ خیالات سنے تو میں نے سوچا کاش میں یہ خیالات پاکستان کے ان تمام بے روزگار نوجوانوں تک پہنچا سکوں جو دن رات بے روزگاری کا رونا روتے رہتے ہیں‘ کاش میں ان نوجوانوں کو بتا سکوں اگر فارم ہاؤس کا ایک مزدور مسلسل محنت سے انگوار بن سکتا ہے توپاکستانی نوجوانوں کے راستے میں کیا رکاوٹ ہے؟ یہ لوگ کامیاب کیوں نہیں ہو سکتے‘ انگوار نے کہا تھا ’’ آگے بڑھنے کا راستہ انہیں ملتا ہے جو چلنا جانتے ہیں‘‘میرا خیال ہے ہمارے نوجوانوں کو چلنے کا ہنر نہیں آتا۔



کالم



کرسمس


رومن دور میں 25 دسمبر کو سورج کے دن (سن ڈے) کے طور…

طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے

وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…