اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سگریٹ نوشی ایک بری لت ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر میں کئی لاکھ افراد روزانہ موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ اسلام نے بھی ہر طرح کی انسانی جسم کو ضرر پہنچانے والی اشیا کے استعمال سے سختی سے منع فرمایا ہے۔ اس حوالے سے معروف اسلامک اسکالر اور مبلغ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ایک تبلیغی پروگرام کے دوران سوالات و جوابات
کے سیشن کے دوران ایک نوجوان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ سگریٹ نوشی بھی اسلام میں شراب کی ہی طرح حرام ہےجس کے بارے میں عالم اسلام کے مختلف اسکالرز نے 400فتاویٰ جاری کئے ہیں۔ نوجوان نے ڈاکٹر ذاکر نائیک سے سوال پوچھا تھا کہ قرآن میں شراب سے متعلق تو واضح حکم موجود ہے کہ یہ حرام ہے مگر کیا سگریٹ نوشی سے متعلق بھی کوئی حکم موجود ہے کہ آیا یہ حرام ہے یا نہیں۔ ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ قرآن میں نہیں لکھا کہ سگریٹ پینا حرام ہے مگر سگریٹ پینا حرام ہے۔قرآن کریم کی سورۃ المائدہ آیت نمبر 90میں واضح طور پر اللہ تعالیٰ نے کہا ہے کہ شراب پینا حرام ہے لیکن سگریٹ پینا حرام ہے یا نہیں اس حوالے سے قرآن کی کیا تعلیمات ہیں تو اس کیلئے قرآن کریم کی سورہ البقرہ آیت نمبر 195جو سگریٹ نوشی کو حرام قرار دینے پر دلالت کرتی ہے میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ ’’خودکشی نہ کرو‘‘یعنی خود اپنے ہاتھ سے اپنا قتل نہ کرو، آج سائنس کہتی ہے کہ تمباکو نوشی کی وجہ سے ہر سال کافی تعداد میں لوگوں کی اموات ہوتی ہیں، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق ہر سال 40لاکھ افراد تمباکو نوشی کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔دنیا میں شراب نوشی کے بعد سب سے زیادہ اموات اگر کسی کھانے پینے والی چیز سے ہوتی ہیں تو وہ سگریٹ ہے۔ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ پہلے لوگ سائنسی معلومات کی کمی وجہ سے نہیں جانتے تھے کہ سگریٹ نوشی ایک خاموش قاتل ہے ، اسی لئے علمائے کرام بھی کہتے تھے کہ یہ مکروہ ہے مگر آج دنیا بھر کے مختلف اسلامی ممالک میں سگریٹ نوشی کے خلاف 400سے زائد فتاوی موجود ہیں جن کے مطابق سگریٹ نوشی حرام ہے۔