اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پوپ لیو نے جنوبی امریکہ کے دورے کے دوران نوجوان نسل پر زور دیا ہے کہ وہ شادی اور خاندانی زندگی کو اہمیت دیں اور اپنے خاندان بسانے کے لیے عملی قدم اٹھائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان مستقل رشتے قائم کرنے اور زندگی بھر ساتھ نبھانے کے عزم سے خوفزدہ نہ ہوں۔جنوبی امریکہ کے اس خطے میں شرحِ پیدائش میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے۔ لاطینی امریکہ، جو ماضی میں دنیا کا سب سے بڑا کیتھولک خطہ سمجھا جاتا تھا، وہاں 1950 کی دہائی میں فی خاتون بچوں کی اوسط تعداد چھ تھی، جو اب کم ہو کر صرف 1.8 رہ گئی ہے۔یوروگوئے کے دارالحکومت مونٹی ویڈیو کے ایک بڑے اسٹیڈیم میں نوجوانوں کی دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پوپ لیو نے کہا کہ نوجوان آگے بڑھ کر شادی کریں اور اپنے خاندان کی بنیاد رکھیں۔ انہوں نے زور دیا کہ زندگی بھر ساتھ رہنے کا وعدہ کرنے اور مستقل رشتے کی ذمہ داری قبول کرنے سے ہچکچانا نہیں چاہیے۔
دورے کے دوران پوپ لیو نے مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے اثرات پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ یوروگوئے کی کیتھولک یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ اے آئی ٹیکنالوجی کے استعمال میں انسانی اقدار کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔انہوں نے تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی اور الگورتھم کو ترجیح دینے کے بجائے انسانوں کی ضروریات، صلاحیتوں اور فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔



















































