نئی دہلی (این این آئی )خلیج بنگال میں بننے والا سمندری طوفان ارنب شدت اختیار کرنے لگا جس کے پیش نظر بھارت کی متعدد ساحلی ریاستوں میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے
جبکہ مرکزی حکومت نے بھی ہنگامی تیاریوں کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرانے کے دوران ہوائوں کی رفتار 115 سے 125 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا خدشہ ہے، جبکہ جھکڑ 140 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتے ہیں۔طوفان کے باعث آندھرا پردیش، اڈیشہ، تلنگانہ اور چھتیس گڑھ سمیت متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ کو تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پڈوچیری میں بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
طوفان کے بدھ کی صبح آندھرا پردیش کے ساحل پر باپٹلا اور وشاکھاپٹنم کے درمیان یانم کے قریب ٹکرانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔طوفان کے خطرے کے پیش نظر دہلی میں قومی بحران انتظامی کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا، جس میں محکمہ موسمیات نے طوفان کی سمت، شدت اور ساحلی علاقوں پر ممکنہ اثرات سے آگاہ کیا۔



















































