اسلام آباد (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کی جانب سے حوثیوں کے خلاف فوجی کارروائی کی درخواست قبول کرنے سے انکار کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی انتظامیہ فی الحال حوثیوں کے خلاف براہ راست فوجی آپریشن شروع کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت ایسی کسی کارروائی کی منصوبہ بندی نہیں کی جا رہی۔
رپورٹ میں دو امریکی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے جمعرات کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے دو مرتبہ ٹیلی فونک رابطہ کیا اور حوثیوں کے خلاف حملے کرنے کی درخواست کی۔
ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد کی جانب سے درخواست کیے جانے کے باوجود صدر ٹرمپ نے اسے مسترد کردیا اور حوثیوں کے خلاف فوری فوجی کارروائی پر آمادگی ظاہر نہیں کی۔
دوسری جانب واضح کیا گیا ہے کہ خبر کی آزادانہ طور پر تصدیق تاحال نہیں ہوسکی، جبکہ رائٹرز بھی فوری طور پر اس رپورٹ کی تصدیق نہیں کرسکا۔



















































