اسلام آبا د (نیوز ڈ یسک) عراق کی وزارتِ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ امریکی فوج نے مغربی عراق میں واقع عین الاسد فضائی اڈہ مکمل طور پر خالی کر دیا ہے، جس کے بعد اس اسٹریٹجک اڈے کا کنٹرول مکمل طور پر عراقی سکیورٹی فورسز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ وزارت کے مطابق اس اڈے پر اب تمام انتظامی اور دفاعی امور عراقی فوج انجام دے رہی ہے۔عراقی حکام کا کہنا ہے کہ عین الاسد ایئر بیس ایک طویل عرصے تک امریکا کی سربراہی میں قائم بین الاقوامی اتحاد کے زیرِ استعمال رہا، تاہم اب غیر ملکی افواج کا وہاں کوئی وجود نہیں رہا۔
اس اقدام کو ملک کی خودمختاری کے استحکام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی وزارتِ دفاع نے واضح کیا ہے کہ یہ پیش رفت بغداد اور واشنگٹن کے درمیان گزشتہ برس طے پانے والے معاہدے کا حصہ ہے۔ یاد رہے کہ 2024 میں دونوں ممالک نے عراق میں موجود امریکی قیادت والی اتحادی افواج کے مرحلہ وار انخلا پر اتفاق کیا تھا، جس کے تحت عین الاسد ایئر بیس سے امریکی فوج کا انخلا عمل میں لایا گیا ہے۔















































