اسلام آباد (نیوز ڈیسک) امریکا کے نو منتخب صدر، ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت، چین اور برازیل کو ایسے ممالک قرار دیا ہے جو اپنے ملکوں پر ٹیرف عائد کر کے امریکا کے لیے مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔
انہوں نے ان ممالک کو جواباً اضافی ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی۔ ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکا ان ممالک کو اس راستے پر چلنے کی اجازت نہیں دے گا۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ ممالک اپنے مفادات میں کامیاب ہو رہے ہیں، لیکن یہ امریکا کے حق میں مناسب نہیں ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ امریکا سب سے پہلے آتا ہے اور وہ ایسا تجارتی نظام تشکیل دیں گے جس سے امریکا کے خزانے میں پیسے آئیں گے اور ملک دوبارہ معاشی طور پر طاقتور بنے گا، اور یہ عمل بہت جلد شروع ہو گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا اپنے شہریوں پر ٹیکس لگا کر دوسرے ممالک کو خوشحال نہیں کرے گا، بلکہ وہ دوسرے ممالک پر ٹیکس عائد کر کے اپنے شہریوں کو فائدہ پہنچائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے دوسرے ممالک پر محصولات بڑھیں گے، امریکا کے شہریوں پر ٹیکس میں کمی آئے گی، جس کے نتیجے میں نئے کارخانے قائم ہوں گے اور مزید روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ جو ممالک امریکی ٹیرف سے بچنا چاہتے ہیں، وہ اپنے کارخانے اور کمپنیاں امریکا میں قائم کریں تاکہ اس سے امریکی عوام کو بھی فائدہ ہو۔