واشنگٹن (این این آئی)نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 3 بھارتی نژاد امریکیوں کو قومی سلامتی، عملے سے متعلقہ معاملات اور پریس کے حوالے سے اپنا معاون خصوصی مقرر کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق رکی گل جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے سینئر ڈائریکٹر کی حیثیت سے قومی سلامتی کونسل (این ایس سی) سے متعلق بھارت کے ساتھ اہم معاملات طے کریں گے۔سورابھ شرما صدارتی عملے کے دفتر میں کام کریں گے۔
رکی گل نے ٹرمپ کے پہلے دور صدارت میں نیشنل سیکیورٹی کونسل میں بطور ڈائریکٹر روس، یورپی انرجی سیکیورٹی اور اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں بیورو آف اوورسیز بلڈنگ آپریشنز میں سینئر مشیر کے طور پر کام کیا تھا۔این ایس سی چھوڑنے کے بعد انہوں نے مسٹر گل کیپٹل گروپ کو بطور پرنسپل اور جنرل کونسلر کے چلایا، وہ ٹی سی انرجی میں یورپی اور ایشیائی توانائی کے مشیر بھی رہے، یہ کمپنی کی اسٹون ایکس ایل پائپ لائن کی مالک ہے جو کینیڈا سے امریکا تک تیل کی ترسیل کرتی ہے، اس منصوبے کے ایک حصے کی ٹرمپ نے منظوری دی تھی جس پر جو بائیڈن نے پابندی لگا دی تھی۔
جسبیر اور پرم گل کے صاحبزادے رکی گل نیو جرسی میں پیدا ہوئے۔رکی گل نے پرنسٹن یونیورسٹی کے ووڈرو ولسن اسکول آف پبلک اینڈ انٹرنیشنل افیئرز سے بیچلر کی ڈگری اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، برکلے سے قانون کی ڈگری حاصل کی ہے۔ان کے علاوہ بنگلورو میں پیدا ہونے والے سورابھ شرما ریپبلکن کارکن ہیں، وہ ٹیکساس میں ینگ کنزرویٹو کے اسٹیٹ چیئرمین رہے، انہوں نے قدامت پسند جریدے ڈیلی کالر کے ساتھ بطور صحافی بھی کام کیا، انہوں نے یونیورسٹی آف ٹیکساس سے بائیو کیمسٹری میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی ہے۔سابق صحافی کش دیسائی وائٹ ہاس میں ڈپٹی پریس سیکریٹری مقرر کردیے گئے، وہ کی ابلاغی حکمت عملی میں کردار ادا کریں گے۔
کش دیسائی تجربہ کار کمیونیکیٹر ہیں جو ریپبلکن مہم اور تنظیمی عہدوں پر کئی اہم کردار ادا کرچکے ہیں، ابھی حال ہی میں وہ 2024 ریپبلکن نیشنل کنونشن کے ڈپٹی کمیونیکیشن ڈائریکٹر تھے، اس سے قبل وہ آئیووا کی ریپبلکن پارٹی کے لیے کمیونیکیشن ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔مسٹر ڈیسائی ریپبلکن نیشنل کمیٹی میں ڈپٹی بیٹل گرانڈ اسٹیٹس اور پنسلوانیا کمیونیکیشن ڈائریکٹر بھی رہے۔