ابوظہبی (این این آئی )متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت و کمیونٹی پروٹیکشن نے جنوری 2025 کے آغاز سے ملک بھر میں شادی کرنے والے تمام شہریوں کے لیے شادی سے قبل کے سکریننگ پروگرام کے اندر جینیاتی جانچ کے لازمی نفاذ کے آغاز کا اعلان کردیا۔ یہ اقدام امارات کی جنیوم کونسل کے فیصلے پر کیا گیا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق شادی سے پہلے کے ٹیسٹوں کے ایک حصے کے طور پر جینیاتی جانچ صحت کا ایک حفاظتی اقدام ہے جو شادی کرنے والے افراد کو جینیاتی ٹیسٹ کرانے کی اجازت دیتا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا وہ ایسے عام جینیاتی تغیرات رکھتے ہیں جو وہ مستقبل میں اپنی اولاد میں منتقل کر سکتے ہیں۔ اس ٹیسٹ کا مقصد بچوں کو موروثی بیماریوں سے بچانا ہے۔