تہران ( این این آئی )رواں ماہ کے آغاز پر ایرانی میزائل حملے کے بعد سے اسرائیل اور ایران کے درمیان دھمکیوں کا تبادلہ جاری ہے اور علاقائی جنگ چھڑنے کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اس دوران میں تہران کی جانب سے نیا انتباہ جاری ہوا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایران کے ایک فوجی ذمے دار نے باور کرایا ہے کہ جوہری تنصیبات پر کسی بھی اسرائیلی حملے کا جواب جوہری پالیسی کو مد نظر رکھ کر دیا جائے گا .
اگر اسرائیل نے فوجی ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا تو اس پر جوابی کارروائی اندازوں سے کہیں بڑھ کر ہو گی۔ یہ بات ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم نے بتائی۔مذکورہ ذمے دار نے اپنے بیان کے اختتام پر یہ بات پھر سے دہرائی کہ ان کا ملک نہ تو دیر کرے گا اور نہ جلد بازی دکھائے گا البتہ وہ مزید حیران کن اقدامات کا مظاہرہ ضرور کرے گا۔اس سے قبل ایک اسرائیلی سیکورٹی ذریعے نے اسرائیلی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں باور کرایا تھا کہ تل ابیب جلد ہی ایران پر ایک بہت بڑا حملہ کرنے والا ہے۔