ریاض (این این آئی )سعودی عرب کے جنرل کمیشن فار آڈیو ویژول میڈیا نے سوشل میڈیا میں شہرت رکھنے والے سعودی شہریوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنا اندراج کراوئیں۔اتھارٹی کے نئے جاری کردہ احکامات کی روشنی میں سوشل میڈیا میں سرگرم سعودی شہریوں کے لازم ہے کہ
وہ یکم اکتوبر 2022 سے پہلے خود کو رجسٹر کروائیں۔ اس مقصد کے لیے اتھارٹی کے الیکٹرانک سروسز پلیٹ فارم(اعلام)پر خود کو رجسٹر کروایا جا سکتا ہے۔رجسٹریشن کی مدت تین برس کے لئے ہو گی اور اس مقصد کے لئے پندرہ ہزار سعودی ریال فیس ادا کرنا ہو گی۔ادارے نے کہا کہ ایسے افراد جو اشتہارات چلاتے ہیں ان کے لیے ضروری ہے کہ وہ اگر شرائط پر پورا اترتے ہیں تو پہلے اجازت نامہ حاصل کریں۔سوشل میڈیا کے کسی بھی پلیٹ فارم پر اجازت نامے کے بغیر کسی بھی تجارتی ادارے یا مصنوعات کی تشہیر کرنا منع ہے۔ادارے کے مطابق خواہ یہ کام تحریر کے طور پر ہو، بات ہو، ویڈیو یا تصویر ہو یا کسی بھی شکل میں ہو، اس کے لیے پہلے اجازت نامہ ضروری ہے۔ادھر قائم مقام وزیر اطلاعات ماجد القصبی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کے لیے ضروری ہے کہ وہ اشتہارات چلانے سے پہلے اجازت نامہ حاصل کریں۔ وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر اشتہارات کے لیے اجازت نامہ صرف سعودی شہریوں کو جاری ہو گا۔