ریاض ٗلندن(این این آئی)دنیا کا کوئی خطہ کورونا وائرس کی موذی وبا سے محفوظ نہیں، اس کی تیسری لہر کے دوران مریضوں اور اموات میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں جان بوجھ کر کورونا پھیلانے والوں کو سخت سزا دی جائے گی۔سعودی پبلک پراسیکیوشن نے
خبر دار کیا کہ جان بوجھ کر کورونا پھیلانے والوں پر جرمانہ عائد ہوگا اور جیل بھی کاٹنی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پھیلانے والے افراد کو 5 سال کی سزا اور 5 لاکھ ریال جرمانہ ہوگا۔واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس سے اب تک سعودی عرب میں 4 لاکھ 12 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 6 ہزار 5 سو سے زائد افراد کورونا وائرس سے انتقال کر گئے ہیں۔دوسری جانب لندن میں بھی لوگ لاک ڈائون کے خلاف سڑکوں پر آ گئے، سینٹرل لندن میں ہونے والے مارچ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی دارالحکومت لندن میں آزادی کے لیے متحد کے نام سے ہونے والے مظاہرے میں لوگوں نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت کورونا کی آڑ میں ان کے انسانی حقوق چھین رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق میں مارچ میں دس ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔