نئی دہلی۔اسلام آباد(اے پی پی)بھارت میں کورونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ بن گیا، مزید 2 ہزار 624 افراد ہلاک ہونے کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 89 ہزار 549 ہو گئی ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت میں ہسپتال مریضوں سے بھر
گئے، ہسپتالوں میں بستر وں اورآکسیجن سیلنڈزناپید ہو گئے ہیں۔کورونا وائرس کی وجہ سے اتنی زیادہ اموات ہونے کے نتیجہ میں شمشان گھاٹ لاشوں سے بھرگئے۔ کئی علاقوں میں شمشان گھاٹوں میں اجتماعی آگ کا عمل شروع ہو گیا۔ بھارتی محکمہ صحت کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے باعث 3 لاکھ 45 ہزار نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد بڑھ کر ایک کروڈ 66 لاکھ 10 ہزار 481 ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس کے باعث بھارت شدید متاثر ہونے والا ملک بن گیا ہے۔ دوسری جانب یو اے ای، کینیڈا اور سنگاپور نے ملک میں بھارتی شہریوں کا داخلہ بند کردیاہے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اس مشکل وقت میں ہماری دعائیں بھارتی شہریوں کے ساتھ ہیں۔ ہفتہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ خدا ہم سب پر اپنا رحم و کرم کرے اور یہ مشکل وقت جلد ختم ہو آمین۔