مسقط (آن لائن)عمان نے پاکستان، بھارت اور بنگلادیش کے لیے فضائی سفری پابندی کا اعلان کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فضائی پابندی کا اطلاق 24 اپریل سے ہو گا۔رپورٹ کے مطابق فضائی پابندی کورونا کیسز میں اضافے کے باعث لگائی گئی ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل برطانیہ اور امریکا نے بھارت کو کورونا وائرس بے قابو ہونے پر ریڈ لسٹ میں شامل کر لیا ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس کے روزانہ کی بنیاد پر ریکارڈ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں اور اب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران
تین لاکھ کے قریب کیسز سامنے آئے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں 2 لاکھ 95 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو وبا کے آغاز سے اب تک ایک روز میں سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2023 اموات بھی ہوئی ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں مسلسل ساتویں روز دو لاکھ سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے کل کیسز کی تعداد ایک کروڑ 56 لاکھ تک پہنچ گئی ہے جب کہ اموات ایک لاکھ 82 ہزار 500 سے زائد ہیں۔