ریاض (این این آئی )سعودی عرب کی صدارتِ عامہ برائے امور الحرمین الشریفین نے بتایا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ماہ صیام کے دوران صحت کے ایس اوپیزکے تحت پانچ تسلیمات کے ساتھ نماز تراویح ادا کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے اجازت ملنے کے بعد مسجد حرام میں نماز تراویح ادا کی جائے گی مگر تراویح کی ایک ساتھ چار چار رکعات ادا کی جائیں گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق چیئرمین صدارتِ عامہ برائے امور الحرمین الشریفین ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے اس موقعے پر کہا کہ مملکت کی قیادت حرمین شریفین میں شعائر اسلام کی ادائیگی کو جاری رکھنے کی خواہاں ہے اور عبادت کے دوران نمازیوں، معتمرین اور زائرین کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کا عزم کیا گیا ہے تاکہ ماہ صیام کے دورام روزہ دار کسی قسم کی پریشانی کا سامنا کیے بغیر عالمی وبا کے دنوں میں بہ حفاظت عبادت کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی صدارتِ عامہ برائے امور الحرمین الشریفین نے ماہ صیام کے موقعے پر معتمرین اور نمازیوں کی خدمت کے لیے انسانی اور مشینی وسائل وقف کررکھے ہیں۔ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات کی روشنی میں اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے لیے تمام تر کوششیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔