ریاض (این این آئی )سعودی عرب کے حکام نے بتایا کہ یمن کے حوثی باغیوں نے سرحد پار سے مملکت کے جنوبی علاقے جازان میں گولہ باری کی ہے تاہم اس کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔عرب ٹی وی کے مطابق جازان میں شہری دفاع کے ترجمان کرنل محمد بن یحیی الغامدی
نے بتایا کہ سرحد پار سے یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی دہشت گردوں نے جازان کے نواحی علاقے فضا میں گولہ باری کی۔ ایک گولہ سڑک کے کنارے گر کر پھٹا اور اس کے شیل دور تک گئے تاہم اس حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔الغامدی کا مزید کہنا تھا کہ حوثیوں کی طرف سے کی گئی گولہ باری کا فوری اور موثر جواب دیا گیا ہے۔دریں اثنا سعودی عرب اور امریکا کی عسکری قیادت نے دو طرفہ دفاعی امور پر بات چیت کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض بن حامد الرویلی نے امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل مارک ملی اور ان کے ہمراہ وفد سے وسطی سیکٹر میں شاہ سلمان ایئر بیس پر ملاقات کی۔اس موقع پر دونوں ملکوں کے مابین مشترکہ تعاون اور کوآرڈینیشن بالخصوص دفاعی اور عسکری امور میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں دوست ملکوں کی عسکری قیادت نے خطے کی سلامتی اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔